پاکستان نے سیز فائر کی کوئی درخواست نہیں کی، جنگ بندی کی خواہش بھارت کی تھی، ترجمان پاک فوج

0 minutes, 0 seconds Read

ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا ہے کہ بھارتی جارحیت کے نتیجے میں آپریشن بُنْيَانٌ مَّرْصُوْص شروع کیا اور الحمداللہ، افواج پاکستان نے قوم سے کیا گیا وعدہ نبھایا جس پر ہم اللہ کے شکر گزار ہیں، پاکستان نے سیز فائر کی کوئی درخواست نہیں کی، جنگ بندی کی خواہش بھارت کی تھی۔

ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری پاک فضائیہ اور پاک بحریہ کے سینئر افسران کے ہمراہ پریس کانفرنس کررہے ہیں۔

اس موقع پر ترجمان پاک فوج لیفٹینینٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا کہ 6 اور 7 مئی کو بھارتی جارحیت کے نتیجے میں خواتین اور بچوں سمیت درجنوں شہادتیں ہوئیں، ہمارے دل اور ہمدردیاں شہدا کے اہل خانہ کے ساتھ ہیں، بھارتی جارحیت کے نتیجے میں آپریشن بنیان مرصوص شروع کیا اور پاکستان کی مسلح افواج نے قوم سے کیا ہوا وعدہ نبھایا جس پر ہم اللہ کے شکر گزار ہیں۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ میدان جنگ میں منہ توڑ جواب دیا گیا، مسلح افواج بہادر پاکستانی قوم کو خراج تحسین پیش کرتی ہے، ہم پاکستان کے نوجوانوں کے بھی احسان مند ہیں، نوجوان فرنٹ لائن سولجر کے طور پر سامنے آئے، ہم میڈیا اور بلا کسی امتیاز کے تمام سیاسی قیادت کے بھی مشکور ہیں، ہم وزیراعظم اور ان کی کابینہ کی جرات مندانہ فیصلوں پر بھی انکے مشکور ہیں۔

لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے مزید کہا کہ بھارت نے ڈرونز کے ذریعے پاکستان کے فضائی حدود کی خلاف ورزی کی، ہم نے دشمن کے خلاف فتح گائیڈڈ میزائل ون اور ٹو کا استعمال کیا، پاکستان نے تمام حملے انتہائی مہارت کے ساتھ کیے تاکہ شہری آبادی نشانہ نہ بنے، 2 مقامات پر بھارت کے ایس 400 بیٹری سسٹم کو کامیابی سے نشانہ بنایا۔

ترجمان پاک فوج نے بتایا کہ پاکستان کا رد عمل نصاب بن جانے والا تھا، بھارت کے 26 ملٹری ٹارگٹس اور فیسیلیٹیز کو نشانہ بنایا، مقبوضہ کشمیر اور بھارت کے مین لینڈ میں نشانہ بنایا گیا، سری نگر، جموں، ادھم پور، پٹھان کوٹ اور دیگر علاقوں میں زبردست نقصان ہوا۔

انہوں نے بتایا کہ پونچھ میں ریڈار اسٹیشن کو بھی ٹارگٹ کیا گیا، ملٹری کمانڈ ہیڈ کوارٹرز کو بھی تباہ کردیا گیا، کے جی ٹاپ میں 10 بریگیڈ کو تباہ کیا گیا، پاک فوج نے بھارت کی 80 بریگیڈ کو بھی تباہ کیا، راجوڑی میں انٹیلی جنس سپورٹ یونٹس کو بھی تباہ کیا گیا۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے مزید بتایا کہ ایل او سی کے پار ملٹری ہیڈکوارٹرز، لاجسٹک بیسز اور پوسٹس کو تباہ کیا، ہم نے انہیں اتنا نقصان پہنچایا کہ وہ سفید جھنڈے لہرانے پر مجبور ہوئے، اہم شہروں، حساس سیاسی اور سرکاری عمارتوں پر ڈرون بھیجے، پاک مسلح افواج نے اپنی جدید ملٹری ٹیکنالی کی ابھی جھلک دکھائی ہے، جب بھی ہماری سالمیت کو خطرہ ہوا، ردعمل انتہائی فیصلہ کن ہوگا، بہادر قوم کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔

ترجمان پاک فوج کا کہنا تھا کہ ہم نے ان تنصیبات کو نشانہ بنایا جو پاکستان میں دہشت گردی کو فروغ دے رہی تھیں، ہم نے بھارت کے اندر بھی ان تنصیبات کو نشانہ بنایا، سورت گڑھ، سرسہ، بھج، نالیہ، آدم پور، بھٹنڈا، برنالہ، ہلواڑہ، اونتی پورہ، سری نگر، جموں، ادھم پور، مامون، انبالہ اور پٹھان کوٹ شامل ہیں۔

لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا کہ پاکستان نے سائبر حملے بھی کیے، سائبر حملوں سے بھارتی مواصلات اور انفرااسٹرکچر نظام کو مفلوج کیا، پاکستانی افواج کے پاس ایسی کئی جنگی صلاحتیں موجود ہیں، چند صلاحیتوں کا اظہار کیا اور باقی آئندہ کے لیے ہے، پاکستان کا رد عمل محدود نوعیت کا تھا، اپنے ٹارگٹس میں یقینی بنایا کہ عام شہری متاثر نہ ہوں، خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں بھارتی سرپرستی میں غیرمعمولی اضافہ ہوا۔ یہ ناقابل تردید ثبوت ہے کہ بھارت پراکسی کے ذریعے دہشت گردی کررہا ہے،قوم متحد ہوکر مادر وطن کے تحفظ کے لیے کھڑی ہوئی۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستانی فوج ہمارا فخر، پاکستان زندہ باد، ہم نے تمہیں بتایا تھا کہ اپنی مرضی سے جواب دیں گے، قوم کو بتایا تھا کہ جب ہم وار کریں گے تو پوری دنیا دیکھے گی، ہم نے تمہیں کہا تھا کہ یہ بہادر جوان جذبہ شہادت سے سرشار ہیں، ہمارا مذہب، کلچر اور پروفیشنلزم ہمیں شہریوں کو ٹارگٹ کرنے کی اجازت نہیں دیتا، بھارتی میڈیا اور بین الاقوامی میڈیا نے بھی یہ مانا ہے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے بتایا کہ پاکستان نے سیز فائر کی درخواست نہیں کی، بھارت نے 7،6 مئی کو حملوں کے بعد سیز فائر کی درخواست کی، پاکستان نے کہا اس حملے کا جواب دینے کے بعد ہی بات کریں گے، ملٹری اسٹیبلشمنٹ پر حملوں کے بعد ہم نے ان کی بات سنی۔

ترجمان پاک فوج نے کہا کہ کوئی بھارتی پائلٹ پاکستان کی تحویل میں نہیں ہے، یہ سوشل میڈیا کا پروپیگنڈا ہے۔

کشمیر کے حوالے سے بات کرتے ہوئے لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری کشمیر پاک بھارت تنازع کی بنیاد ہے، مسئلہ کشمیر کے حل تک امن ایک سراب ہوگا، کشمیر ایک فلیش پوائنٹ ہے جسے حل ہونا چاہیئے، کشمیر ایک ببرونی مسئلہ ہے، بھارت کا اندرونی مسئلہ نہیں، بھارت اسے اندرونی مسئلہ بنانے کی کوشش کرتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پہلگام واقعے کے بعد لوگوں کے گھروں کو مسمار کیا گیا، ہزاروں کشمیریوں کو حراست میں لیا گیا، کشمیر ایک بین الاقوامی مسئلہ ہے۔

احمد شریف چوہدری نے کہا کہ پاک افواج ایل او سی کی سیزفائر پر عمل پیرا ہیں، ہم 200 فیصد عمل کررہے ہیں، پاکستانی امن سے محبت کرنے والی قوم ہے، کسی بھی جارحیت کی صورت میں ہم جواب دیں گے، ترجمان

بھارتی میڈیا کی جانب سے حافظ عبدالروف کی ہلاکت کا دعوی بھی جھوٹا نکلا، ترجمان پاک فوج لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے حافط عبدالروف کی گفتگو کا کلپ چلا دیا۔

ترجمان پاک فوج نے کہا کہ ایمان تقوی اور جہاد فی سبیل اللہ ہماری ٹریننگ کا حصہ ہے،

اللہ کی مدد سے ہم اپنے ملک کا دفاع کرنے میں کامیاب رہے، وائس ایڈمرل رب نواز

اس موقع پر پاکستان نیوی کے وائس ایڈمرل رب نواز نے بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ اللہ کی مدد سے ہم اپنے ملک کا دفاع کرنے میں کامیاب رہے، ہم نے اپنی تیاری کو برقرار رکھا، فالس فلیگ کے فوری بعد ہم متحرک ہوئے، ہم سمندر میں ہر طرح کی جارحیت کے لیے تیار تھے، بھارتی نیوی کی سرگرمی پر ہماری مسلسل نظر تھی۔

وائس ایڈمرل رب نواز نے بتایا کہ 9 مئی کو بھارتی نیوی پاکستانی ساحل سے 400 نوٹیکل میل پر تھی، کوئی بھی جارحیت ہوتی ہم ردعمل کیلئے تیار تھے، ہم بھارتی ائیرکرافٹ کیئریر کی نقل و حرکت کو بھی مسلسل مانیٹر کررہے تھے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہم نے دشمن کو جارحیت نہ کرنے پرمجبور کردیا، کراچی کو درپیش کسی بھی خطرے سے نمٹنے کے لیے مکمل تیار تھے، تمام پورٹس، شپنگ کو مکمل تحفظ فراہم کیا۔ بھارتی میڈیا کے مطابق تو لاہور کی بندرگاہ پر بھی قبضہ ہوگیا تھا۔

پاک فضائیہ اور بھارتی فضائیہ کا مقابلہ 6-0 رہا، ایئروائس مارشل اورنگزیب

پاک فضائیہ کے ایئروائس مارشل اورنگزیب نے بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ پاک فضائیہ کا کوئی ثانی نہیں، پاک فضائیہ اور بھارتی فضائیہ کا مقابلہ 6-0 رہا، ہم نے خطرے کو ختم کردیا، اینٹی ڈرون سسٹم نے دشمن کے ڈرونز کو جام کرکے غیرموثر کردیا، پاکستان نے اپنا بنایا جی پی ایس جیمنگ سسٹم استعمال کیا، یہ ڈرون جیسے ہی آبادی کی طرف گرادیے جاتے، ہم نے ان کے جی پی ایس میں ’ایرر‘ شامل کیے، براہموس میزائل 3 ہزار کلومیٹر فی گھنٹے کی رفتار سے آئے، براہموس کو سورت گڑھ سے رفیقی ایئر بیس پر فائر کیا گیا۔

ایئروائس مارشل اورنگزیب نے بتایا کہ ہم نے ان کے جی پی ایس میں خلل پیدا کیے، ان ’ایررز‘ نے براہموس کی ’سی ای پی‘ تیز ہوگئی، سی ای پی بڑھنے سے براہموس کی ٹارگٹ کرنے کی صلاحیت کم ہوگئی، سکھر میں شہباز فیلڈ پر فائر کیا براہموس ایئرفیلڈ سے گزرتا پڑوسی ملک کی طرف گیا، بھارت نے پڑوسیوں کو بھی خطرے میں ڈال دیا، پاک فضائیہ نے ’ہارڈ کل‘ اور ’سافٹ کل‘ کے ذریعے حملے ناکام بنائے۔

یاد رہے کہ 10 مئی کو علی الصبح پاکستان نے بھارتی جارحیت کے جواب میں’آپریشن بنیان مرصوص’ (آہنی دیوار) کا آغاز کیا تھااور بھارت میں ادھم پور، پٹھان کوٹ، آدم پور ایئربیسز اور کئی ایئرفیلڈز سمیت براہموس اسٹوریج سائٹ اور میزائل دفاعی نظام ایس 400 کے علاوہ متعدد اہداف کو تباہ کردیا تھا۔

سیکیورٹی ذرائع نے بتایا تھا کہ پاکستان کے عوام اور مساجد کو جن ایئربیسز سے ٹارگٹ کیا گیا تھا، ان اہداف کو نشانہ بنایا گیا ہے۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق فجر کے وقت دشمن کے خلاف آپریشن ’بنیان مرصوص‘ کا آغاز کیا گیا اور بھارت پر فتح ون میزائل فائر کیے گئے تھے۔

اسی طرح پاکستانی میزائلوں سے بیاس کے علاقے میں براہموس اسٹوریج سائٹ تباہ کردی گئی تھی جبکہ پاک فوج نے پٹھان کوٹ میں ایئرفیلڈ کو بھی تباہ کردیا، راجوڑی اور نوشہرہ میں پاکستان میں دہشت گردی کروانے والے بھارتی ملٹری انٹیلی جنس کے تربیتی مراکز بھی تباہ کر دیے گئے تھے۔

Similar Posts