پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ خان کا کہنا ہے کہ جنید اکبر کو تحریک شروع کرنے کا پیغام دیا گیا ہے۔
پشاور ہائیکورٹ میں حفاظتی ضمانت کے لیے آئیں علیمہ خان کا کہنا تھا کہ نمل یونیورسٹی کے لیے فنڈ کی اشد ضرورت ہے اور اسی مقصد کے تحت وہ مختلف مقامات پر جاتی ہیں تاکہ تعاون حاصل کر سکیں۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ راولپنڈی کی عدالت میں انہیں یہ کہا گیا کہ وہ جیل میں قید بانی پی ٹی آئی کا پیغام باہر لے کر آتی ہیں۔ اس پر ان کا جواب تھا کہ ’پیغام تو سارے لوگ باہر لے کر آتے ہیں، صرف ان پر ہی کیس کیوں بنایا گیا؟‘
بانی پی ٹی آئی نے چیئرمین پی اے سی جنیداکبر سےاستعفا طلب کرلیا
انہوں نے الزام لگایا کہ بانی پی ٹی آئی کی فیملی کو جیل میں ملاقات کی اجازت نہیں دی جا رہی۔ ان کا کہنا تھا، ’ہم نے اپنے بھائی کو جیل سے باہر نکالنا ہے، کل اڈیالہ بھی جائیں گے اور اسلام آباد ہائیکورٹ بھی۔‘
علیمہ خان نے ایک اور دعویٰ کیا کہ بانی پی ٹی آئی نے جنید اکبر کو پبلک اکاؤنٹس کمیٹی سے استعفیٰ دینے کا پیغام بھجوایا ہے اور کہا ہے کہ چیئرمین کی ذمہ داری عمر ایوب کو دی جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان نے جنید اکبر کو تحریک شروع کرنے کا پیغام بھی دیا ہے۔