محکمہ موسمیات نے ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک اور شدید گرم رہنے کی پیش گوئی کرتے ہوئے آج سے 20 مئی تک ہیٹ ویو کا الرٹ جاری کیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق پنجاب، سندھ، بلوچستان اور خیبرپختونخوا کے میدانی علاقوں میں درجہ حرارت معمول سے 4 سے 6 ڈگری سینٹی گریڈ تک زیادہ رہنے کا امکان ہے۔ اسلام آباد اور گردونواح میں بھی موسم گرم اور خشک رہنے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ پنجاب کے بیشتر شہروں میں درجہ حرارت میں واضح اضافہ متوقع ہے، جبکہ سندھ اور بلوچستان کے میدانی علاقوں میں شدید گرمی کی شدت محسوس کی جائے گی۔ خیبرپختونخوا، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں بھی درجہ حرارت میں اضافہ ریکارڈ ہونے کا امکان ہے۔
کراچی والے42 ڈگری کی گرمی محسوس کرنے کے لیے تیار ہو جائیں
محکمہ موسمیات نے شہریوں کو شدید گرمی کے پیش نظر احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ دھوپ میں غیر ضروری باہر نکلنے سے گریز کریں، پانی کا زیادہ استعمال کریں اور بزرگوں، بچوں اور بیمار افراد کو خاص طور پر گرمی سے بچاؤ کے اقدامات فراہم کیے جائیں۔