فیکٹ چیک: 16 مئی کو چھٹی ہے یا نہیں؟

0 minutes, 0 seconds Read

وفاقی حکومت نے جمعرات کے روز 16 مئی کو یومِ تشکر کے طور پر عام تعطیل قرار دیے جانے سے متعلق جعلی نوٹیفکیشن کی سختی سے تردید کرتے ہوئے اس اقدام کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔

جاری اعلامیہ میں کہا گیا ہے یہ جعلی دستاویز، جسے کابینہ ڈویژن سے منسوب کیا گیا تھا، سوشل میڈیا پر وسیع پیمانے پر شیئر کی گئی۔ اس جعلی نوٹیفکیشن میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ مسلح افواج کے حالیہ کامیاب آپریشن ”بنیانُ المرصوص“ کی خوشی میں جمعرات 16 مئی کو تمام سرکاری دفاتر، تعلیمی ادارے اور خودمختار ادارے بند رہیں گے۔

وفاقی وزارت اطلاعات و نشریات کے تحت قائم فیکٹ چیکر پلیٹ فارم نے اس نوٹیفکیشن کو واضح طور پر ”جھوٹی خبر“ قرار دیتے ہوئے عوام کو غیر مصدقہ معلومات پر یقین کرنے یا انہیں پھیلانے سے باز رہنے کی سخت تاکید کی ہے۔

وزارت نے اپنے ایک بیان میں (ایکس، سابقہ ٹویٹر) پر کہا ہے کہ جعلی خبریں پھیلانا نہ صرف غیر اخلاقی اور غیر قانونی ہے بلکہ قوم کے ساتھ ناانصافی بھی ہے۔ یہ ہم سب کی ذمے داری ہے کہ ایسے غیر ذمہ دارانہ رویے کو مسترد کریں۔

وزارت اطلاعات نے عوام پر زور دیا ہے کہ وہ عام تعطیلات اور سرکاری فیصلوں کے بارے میں صرف اور صرف سرکاری ذرائع سے معلومات حاصل کریں۔ 16 مئی کے روز کسی قسم کی عام تعطیل کا کوئی باضابطہ اعلان جاری نہیں کیا گیا۔

اگرچہ حکومت یومِ تشکر کو مسلح افواج کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے مختلف تقریبات اور علامتی سرگرمیوں کے ذریعے منا رہی ہے، تاہم ان تقریبات میں عام تعطیل شامل نہیں ہے۔

Similar Posts