اداکار عرفان خان نے پاکستان آنے کے سوال پر کیا جواب دیا تھا؟

0 minutes, 0 seconds Read

پانچ سال قبل اس دنیا کو الوداع کہہ جانے والے لیجنڈ بالی وڈ ایکٹر عرفان خان کی ایک پُرانی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی ہے جس میں وہ پاکستان جانے سے متعلق سوال کا جواب دیتے نظر آئے۔

پاکستان میں بالی وڈ فنکاروں کی ایک بہت بڑی فین فالوونگ ہے، پاکستانی عوام ان سے محبت کرتے ہیں اور ان کو گاہے گاہے اپنے ملک کا دورہ کرنے دعوت بھی دیتے ہیں اور ماضی میں جب بھی کوئی بھارتی اداکار پاکستان آیا تو پاکستانی عوام نے اسے پلکوں کو بٹھایا ہے۔

سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو میں پاکستانی صحافی عرفان سے مخاطب ہو کر کہتے ہیں کہ ہیلو عرفان بھائی، آپ کی پاکستان میں بہت بڑی فین فالوونگ ہے، میری خواہش ہے کہ آپ کبھی پاکستان آئیں، یہ ہمارے لیے بہت خوشی کی بات ہو گی۔

جیسے ہی صحافی اپنی بات مکمل کرتے ہیں، عرفان خان نے سنجیدگی سے جواب دیا کہ ’میں آ تو جاؤں گا، واپس آؤں گا کہ نہیں؟‘

یہ ویڈیو ایسے وقت میں وائرل ہوئی ہے جب بھارت نے پاکستانی فنکاروں پر پابندی عائد کر دی ہے اور پاکستانی مواد کو انٹرنیٹ سے ہٹا دیا گیا ہے۔

پہلگام حملے اور آپریشن سندور کے بعد بھارت نے تمام او ٹی ٹی پلیٹ فارمز کو ہدایت جاری کی کہ وہ اپنے پلیٹ فارمز سے پاکستانی مواد ہٹا دیں۔

گزشتہ ہفتے بھارتی وزارت اطلاعات و نشریات نے ایک مشاورتی نوٹس جاری کیا جس میں کہا گیا کہ قومی سلامتی کے پیش نظر تمام او ٹی ٹی پلیٹ فارمز، میڈیا اسٹریمنگ پلیٹ فارمز کو مشورہ دیا جاتا ہے کہ وہ تمام ویب سیریز، فلمیں، گانے، پوڈکاسٹس اور دیگر اسٹریمنگ میڈیا مواد جو پاکستان سے تعلق رکھتے ہوں، فوراً بند کریں، چاہے وہ سبسکرپشن پر مبنی ہوں یا نہیں۔

اس پابندی کے تحت پاکستانی فنکاروں جیسے فواد خان، ماہرہ خان اور ماورا حسین کی تصاویر بھی بھارتی فلمی گانوں سے ہٹا دی گئی ہیں۔

مقبول موسیقی پلیٹ فارمز جیسے اسپاٹیفائی اور یوٹیوب میوزک پر کپور اینڈ سنز کے پوسٹر سے فواد خان کی تصویر اور ’رئیس‘ سے ماہرہ خان کی تصویر ہٹا دی گئی ہے۔

’رئیس ’ کے البم میں اب صرف شاہ رخ خان نظر آتے ہیں جب کہ پہلے ان کے ساتھ ماہرہ خان بھی دکھائی دیتی تھیں۔

اسی طرح، یوٹیوب پر گانا ’بُدھو سا من‘ جس میں فواد خان، سدھارتھ ملہوترا اور عالیہ بھٹ نظر آتے تھے، بھارت میں دستیاب نہیں ہے اور وہاں ’ویڈیو دستیاب نہیں‘ کا پیغام نظر آتا ہے۔

ادھر گزشتہ سال ایک انٹرویو میں، اداکار ششانک اروڑا نے فلم ’دی سانگ آف اسکورپینز‘ کے سیٹ سے ایک دلچسپ واقعہ سنایا۔

اس فلم میں عرفان خان ایرانی اداکارہ گلشیفتہ فرہانی اور ششانک اروڑا نے کام کیا تھا، ششانک کے مطابق عرفان اکثر انہیں کہا کرتے تھے کہ ’چلو بھارت-پاکستان بارڈر پر پتنگ اُڑانے چلتے ہیں،وہ ہنستے ہوئے کہتے تھے کہ دیکھتے ہیں کوئی پتنگ گرانے کی کوشش کرتا ہے یا نہیں۔

یاد رہے کہ عرفان نے 2017 میں پاکستانی اداکارہ صبا قمر کے ساتھ فلم ’ہندی میڈیم‘ میں کام کیا تھا،عرفان خان 29 اپریل 2020 کو کینسر کے باعث انتقال کر گئے تھے۔

Similar Posts