خوفزدہ بھارت نے پاکستانی صحافیوں کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس بلاک کرنے شروع کردئے

0 minutes, 0 seconds Read

خود کو نام نہاد سیکولر کہنے والے بھارت کو پاکستان کے ہاتھوں شکست کا سچ برداشت ہی نہیں ہو رہا، بھارت نے ایک بار پھر آزادی صحافت پر حملہ کرتے ہوئے پاکستانی صحافیوں کے ایکس (سابقہ ٹویٹر) اکاؤنٹس کو بند کر دیا ہے۔

معروف صحافی سلمان مسعود نے ٹویٹ کیا کہ انہیں ایکس سے اطلاع موصول ہوئی ہے کہ بھارتی حکومت کی درخواست پر ان کا اکاؤنٹ بھارت میں مؤثر طریقے سے بند کر دیا گیا ہے۔ اس بندش کو سرکاری طور پر ”ود ہیلڈ“ قرار دیا گیا ہے۔

صحافی زاہد گشکوری کے مطابق بھارت نے ایکس، یوٹیوب، فیس بک سمیت مختلف سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر پاکستانی صحافیوں اور انفلوئنسرز کے تقریباً 1450 اکاؤنٹس بند کیے ہیں۔

آل انڈیا ریڈیو نیوز بھی کچھ دن قبل تصدیق کرچکا ہے کہ بھارت نے اہم عالمی خبر رساں ایجنسیز جیسے گلوبل ٹائمز، ژنہوا نیوز ایجنسی اور ٹی آر ٹی ورلڈ کے ایکس اکاؤنٹس پر بھی پابندی لگائی ہے۔

کراچی یونین آف جرنلسٹس نے اس بھارتی اقدام کی شدید مذمت کی ہے اور اسے سنسرشپ اور صحافتی آزادی کی کھلی خلاف ورزی قرار دیا ہے۔ یونین کے صدر حمید الرحمٰن نے کہا کہ بھارتی حکومت کی جانب سے پاکستانی صحافیوں کی آوازیں دبانا انتہائی تشویشناک ہے اور اس سے خطے میں میڈیا کی آزادی کو شدید خطرہ لاحق ہو گیا ہے۔ جنرل سیکرٹری سید نبیل اختر نے کہا کہ یہ کارروائی بین الاقوامی سطح پر صحافیوں کا دباؤ ڈالنے کی کوشش ہے اور عالمی میڈیا تنظیموں کو اس کا نوٹس لینا چاہیے۔

کراچی یونین آف جرنلسٹس نے بھارتی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اپنے اس غیر جمہوری اقدام کو واپس لے اور پاکستانی صحافیوں کو بلا روک ٹوک اپنی آواز پہنچانے کی اجازت دے۔

بھارت نے ان اقدامات سے واضح ہوگیا ہے کہ بھارت اپنی ناکامیوں اور اندرونی مسائل سے توجہ ہٹانے کے لیے نہ صرف پاکستان کے خلاف جھوٹا پروپیگنڈا کرتا ہے بلکہ آزاد صحافت کو بھی دبا رہا ہے۔

Similar Posts