امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ پاکستان کا نام دنیا میں70 سال بعد ایک دفعہ پھر روشن ستارے کی طرح ابھرا ہے، پاک بھارت جنگ میں برتری نے پاکستانی قوم کو متحد کر دیا اب حکومت اور افواج پاکستان عوام کو سہولیات فراہم کرنے میں بھی اپنا کردار ادا کریں۔
ایبٹ آباد میں دفاع پاکستان و غزہ مارچ سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا کہ پاکستانی قوم نے پاک فوج کا جنگ میں بھرپور ساتھ دیا ۔ 2001 میں ہمارے حکمرانوں نے عوام اور فوج کو امریکہ کی جنگ میں دھکیل دیا گیا۔
حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا کہ انڈیا کی جارحیت کا جس طرح پاک فوج نے جواب دیا وہ انڈیا ہمیشہ یاد رکھے گا۔ اب پاکستان کی طرف جب کوئی بری آنکھ سے دیکھے گا تو ہم ایک قوم بن کر جواب دیں گے۔
امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ چین ہمارا دوست ہے ہمیں روس افغانستان ایران اور ترکی سے بھی دوستی مضبوط کرنی ہوگی۔ اسرائیل نہتے شہریوں بچوں کو نشانہ بنا رہا ہے۔ اسرائیل مٹ کر رہے گا اور فلسطین آزاد ہو کر رہے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ مسلم حکمران اسرائیل کو سپورٹ کر رہے ہیں وہ امریکہ کو خوش کرنے میں مصروف ہیں فلسطین کی عوام ماؤں بہنوں کی نظریں پاکستان کی طرف لگی ہوئی ہے۔ غزہ سے ہمارا کلمہ کا رشتہ ہے اور ہمارا قبلہ اول ہے۔