گورنر سندھ کامران ٹیسوری سے مسلم لیگ ن اور ایم کیو ایم رہنماؤں کی اہم ملاقات ہوئی جس میں ملک کی معاشی و شہری صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا، گورنر سندھ نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ وزیراعظم کی سربراہی میں پاکستان کو قرضے سے نجات مل جائے، رانا ثناء اللہ کہتے ہیں آنے والے بجٹ میں عام عوام کیلئے خوشخبری ہوگی۔
گورنر ہاؤس کراچی میں پاکستان مسلم لیگ ن اور ایم کیو ایم پاکستان کے سینئر رہنماؤں کی ملاقات میں ملک کو درپیش معاشی و سماجی چیلنجز، کراچی کے مسائل اور آئندہ بجٹ پر تفصیلی گفتگو کی گئی جبکہ پاک بھارت جنگ میں پاکستان کی کامیابی پر قوم کو مبارکباد دی۔
اس موقع پر گورنر سندھ نے کہا کہ ہم نے سب سے پہلے وزیراعظم سے اظہار تشکر کیا۔ بھارت نے پوری کوشش کی کہ ہمیں آئی ایم ایف سے پیسے نہ ملیں، لیکن وزیر خزانہ نے کامیابی سے معاہدہ کر لیا ہے۔
وزیراعظم کے معاون خصوصی رانا ثناء اللہ نے کہا کہ ہم معاشی بدحالی سے نکل چکے ہیں اور آنے والے بجٹ میں عام آدمی کے لیے خوشخبری ہوگی۔
رہنما ایم کیو ایم پاکستان ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ اب ہم عام آدمی کے مسائل حل کریں گے۔ کے فور منصوبے پر عملدرآمد تیز کرنا ہوگا۔ وزیراعظم نے کراچی کو 26 کروڑ گیلن پانی دینے کا وعدہ کیا ہے۔
ملاقات میں وزیر خزانہ اورنگزیب، وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک ، وزیر انرجی اویس لغاری وفاقی وزیر تعلیم خالد مقبول صدیقی ، ایم کیو ایم رہنما نسرین جلیل ، فیصل سبزواری ودیگر شامل تھے۔