وزارت ریلویز نے عیدالفطر کے موقع پر مسافروں کی سہولت کے لیے پانچ خصوصی ٹرینیں چلانے کا اعلان کر دیا۔ ترجمان ریلوے کے مطابق ان اسپیشل ٹرینوں کا مقصد عوام کو بروقت اور معیاری سفری سہولیات فراہم کرنا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پہلی عید اسپیشل ٹرین 2 جون کو دوپہر 1 بجے کراچی سے لاہور کے لیے روانہ ہوگی۔ دوسری اسپیشل ٹرین 3 جون کو صبح 10 بجے کوئٹہ سے پشاور روانہ کی جائے گی۔
تیسری اسپیشل ٹرین 3 جون کو شام 5 بجے لاہور سے کراچی کے لیے چلے گی، جب کہ چوتھی ٹرین اسی روز رات 8 بجے کراچی سے راولپنڈی کے لیے روانہ ہوگی۔
پانچویں اور آخری عید اسپیشل ٹرین 4 جون کو رات 8 بجے کراچی سے لاہور کے لیے روانہ ہوگی۔
ترجمان ریلوے کے مطابق ان اسپیشل ٹرینوں کے ذریعے عید کے موقع پر بڑھنے والے رش کو کنٹرول کرنے اور عوام کو آرام دہ، محفوظ اور بروقت سفری سہولت مہیا کرنے کا ہدف رکھا گیا ہے۔