بھارت کی جنگ بندی کی درخواست، زمانہ امن کی پوزیشن پر اتفاق ہو چکا، وزیراعظم

0 minutes, 0 seconds Read

وزیراعظم شہباز شریف نے صحافیوں سے گفتگو میں اہم ملکی و علاقائی امور پر گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ چیف آف آرمی اسٹاف جنرل عاصم منیر کو فیلڈ مارشل بنانے کا فیصلہ حکومت کا تھا فوج کا نہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ اس فیصلے میں قائد مسلم لیگ (ن) نواز شریف کی مشاورت بھی شامل تھی۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اور بھارت کے ڈی جی ایم اوز کے درمیان اہم اتفاق رائے ہوچکا ہے، جب کہ دونوں ممالک کے نیشنل سیکیورٹی ایڈوائزرز جلد ایک نیوٹرل مقام پر ملاقات کریں گے۔ ان مذاکرات میں پاکستان کی جانب سے کشمیر، پانی، تجارت اور دہشت گردی کے حوالے سے چار نکاتی ایجنڈا شامل ہوگا۔

وزیراعظم نے کہا کہ جنگ بندی کی درخواست بھارت کی جانب سے کی گئی تھی اور اب دونوں ممالک کے درمیان زمانہ امن کی پوزیشن پر واپس آنے پر اتفاق ہو چکا ہے، جو خطے میں پائیدار امن کے لیے ایک مثبت پیش رفت قرار دی جا رہی ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ کالعدم تنظیم بی ایل اے کی پشت پناہی بھارتی خفیہ ایجنسیاں کر رہی ہیں، اور پاکستان اس بھارتی دہشت گردی کے ناقابل تردید شواہد دنیا کے سامنے پیش کرے گا۔

انہوں نےکہا کہ حالیہ جنگی صورتحال کے دوران اسرائیل نے بھارت کی عسکری معاونت کی، اور سری نگر سمیت مختلف مقامات پر اسرائیلی ساختہ ہتھیاروں کے استعمال کے شواہد موجود ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اسرائیلی فوجی ایڈوائزر بھی بھارتی افواج کی مدد کرتے رہے۔

Similar Posts