فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) ان لینڈ ریونیو سکھر نے انسدادِ اسمگلنگ کے تحت بڑی کارروائی کرتے ہوئے کروڑوں روپے مالیت کی نان کسٹم پیڈ سگریٹس تلف کردیں۔ یہ سگریٹس مختلف کارروائیوں کے دوران قبضے میں لی گئی تھیں۔
ان لینڈ ریونیو کے حکام کے مطابق نذر آتش کی گئی سگریٹس مختلف غیر قانونی ذرائع سے ملک میں داخل کی گئی تھیں، جنہیں گیارہ مختلف کارروائیوں کے دوران ضبط کیا گیا تھا۔
متعلقہ افسر محمد یعقوب نے بتایا کہ یہ اقدام حکومت کی انسدادِ اسمگلنگ مہم کے تحت اٹھایا گیا ہے، تاکہ غیر قانونی تجارت کی حوصلہ شکنی کی جا سکے۔
ایف بی آر کے مطابق نان کسٹم پیڈ اشیاء نہ صرف ملکی ریونیو کو نقصان پہنچاتی ہیں بلکہ مقامی صنعت کے لیے بھی خطرہ بنتی ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ ایسی کارروائیاں مستقبل میں بھی جاری رہیں گی تاکہ غیر قانونی کاروبار کا مکمل خاتمہ کیا جا سکے۔