ملک بھر میں مون سون کے پہلے اسپیل کی تباہ کاریاں، مختلف حادثات میں 23 افراد جاں بحق

0 minutes, 0 seconds Read

ملک بھر میں مون سون کے پہلے اسپیل نے تباہی مچادی، پنجاب اور خیبرپختونخوا میں باشوں کے باعث مختلف حادثات میں اب تک 23 افراد افراد جاں بحق جبکہ متعدد زخمی ہوگئے۔

تفصیلات کے مطابق لاہور سمیت پنجاب بھر میں بارشوں کے باعث ہونے والے مختلف حادثات سے 6 بچوں سمیت 12 افراد جاں بحق ہوگئے جبکہ 32 سے زائد زخمی ہوئے۔

وزیرآباد کے علاقے سید نگر میں مکان کی بوسیدہ چھت گرگئی، ملبے تلے دب کر باپ بیٹا جاں بحق جبکہ بیوی اور پوتا زخمی ہوگئے۔

قصور میں 7 سالہ بچہ بارش کے پانی میں نہاتے ہوئے ڈوب کر جان سے گیا، راولپنڈی میں گزشتہ روز برساتی نالے میں بہنے والے آن لائن ٹیکسی ڈرائیور حسنین معاویہ کی لاش مل گئی، خاتون کی لاش اور گاڑی گزشتہ روز ملی تھی۔

جامشورو میں کوٹری بیراج المنظر کےمقام پرنوجوان نہاتے ہوئے ڈوب گیا۔

اُدھر لوئردیر ندی نالوں میں طغیانی آگئی، رحیم آباد کے مقام پر ایک شخص برساتی نالے میں ڈوب کر جاں بحق ہو گیا ،دریائے پنجکوڑہ میں پھنسے 4 افراد کی جانیں بچالی گئیں۔

بارش کے بعد کراچی کی ٹوٹی پھوٹی سڑکوں کا حال مزید ابتر ہوگیا

بارش کے بعد کراچی کی ٹوٹی پھوٹی سڑکوں کا حال مزید ابتر ہوگیا، معمولی بارش نے حکومتی دعوؤں کی قلعی کھول دی جبکہ عوام کا کہنا ہے کہ شہر کا کوئی پرسان حال نہیں۔

کراچی میں بارش کی خوشی عارضی ثابت ہوئی، سڑکوں پر پڑے گڑھے شہریوں کے صبر کا امتحان لے رہے ہیں جبکہ شہری حکومت کے بلند اور بانگ دعوؤں کی قلعی بھی کھل گئی۔

گرومندر، گلستان جوہر، ملیر، اسکیم تینتیس، ایئرپورٹ، گلشن معمار، شارع فیصل، سرجانی اور یونی ورسٹی روڈ پر بارش کے بعد کئی علاقوں سے نکاسی آب نہ ہوسکا۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ شہر میں بارش کا سلسلہ اتوار تک جاری رہے گا، نشیبی علاقوں میں اربن فلڈنگ بھی ہوسکتی ہے۔

بارش کے ساتھ ہی کے الیکٹرک کا سسٹم بھی بیٹھ گیا، 2100 میں سے 550 فیڈرز ٹرپ کر گئے جبکہ کچھ علاقوں میں بجلی بحال تو ہوئی، مگر کئی علاقے تاحال بجلی سے محروم ہیں جبکہ کے الیکٹرک کا کہنا ہے بحالی کا کام جاری ہے۔

سندھ میں آج بھی موسلادھار بارش کا امکان

محکمہ موسمیات نے سندھ میں آج بھی موسلادھار بارش کے حوالے سے الرٹ جاری کردیا۔ کراچی، حیدرآباد ، سکھر،لاڑکانہ ،میر پور خاص ،ٹھٹھہ اوربدین کے نشیبی علاقے زیر آب آنے کا خدشہ ہے۔

24 گھنٹوں کے دوران مٹھی میں ترپن، تھرپارکر میں 45 ملی میٹر پانی برس گیا، نوابشاہ میں 49، حیدرآباد میں 43 ملی میٹربارش ریکارڈ کی گئی جبکہ چھور میں 37، ٹنڈوجام میں 26 اور میرپور خاص میں 24 ملی میٹر برسات پڑی۔

کراچی میں سب سے زیادہ بارش گلشن حدید میں 17 ملی میٹرریکارڈ کی گئی جبکہ فیصل بیس 12، یونیورسٹی روڈ 11، ایئر پورٹ 9، گڈاپ، کورنگی، ڈی ایچ اے اور نارتھ کراچی میں 8، کیماڑی میں 6، سرجانی اور جناح ٹرمینل پر 5 ملی میٹر بارش ہوئی۔

پی ڈی ایم اے نے خیبرپختونخوا میں مون سون بارشوں کے باعث طغیانی، انسانی جانوں اور انفراسٹرکچر کو نقصانات کی رپورٹ جاری کردی۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق خیبر پختونخوا میں مون سون بارشوں کے باعث مجموعی طور پر اب تک 11 افراد جاں بحق جبکہ 6 افراد زخمی ہوئے، جاں بحق افراد میں 4 مرد، 3 خواتین اور 4 بچے شامل ہیں جبکہ زخمیوں میں 3 مرد اور 3 خواتین شامل ہے۔

بارشوں اور فلش فلڈ کے باعث ضلع سوات میں سب سے زیادہ نقصان ہوا جہاں سیلاب، لینڈ سلائیڈنگ اور فلیش فلڈ کے نتیجے میں 10 افراد جاں بحق ہوئے جبکہ 6 افراد زخمی ہوئے۔

صوبہ بھر میں مجموعی طور پر 56 گھروں کو نقصان پہنچا جس میں 6 مکمل طور پر جبکہ 50 گھروں کو جزوی طور پر نقصان پہنچا۔

Similar Posts