وفاقی تعلیمی اداروں میں موسم گرما کی تعطیلات کا اعلان کردیا گیا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق اسلام آباد کے تعلیمی اداروں میں 5 جون سے یکم اگست تک موسم گرما کی چھٹیاں ہوں گی جبکہ تمام تعلیمی ادارے 4 اگست 2025 بروز پیر دوبارہ کھلیں گے۔
نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ 26 مئی سے موسم گرما کی تعطیلات کے آغاز تک اسکول کے اوقات بھی تبدیل کردیے گئے، سنگل شفٹ اسکولز 7:30 سے 12:30 تک کام کریں گے جبکہ ڈبل شفٹ اسکولز کو شام کے اوقات کام کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق بی ایس و اے ڈی پی طلبہ کی کلاسز شیڈول کے مطابق جاری رہیں گی، لائبریریز اور آئی ٹی لیبز گرمیوں کی چھٹیوں میں بھی کھلی رہیں گی۔
اس سے قبل محکمہ تعلیم سندھ نے بھی یکم جون سے 31جولائی تک گرمیوں کی تعطیلات کا اعلان کیا تھا، موسم گرما کی تعطیلات کا اطلاق تمام نجی و سرکاری تعلیمی اداروں پر ہوگا جبکہ یکم جون سے 31جولائی تک اسکول وکالجز بند رہیں گے۔
پنجاب کے تعلیمی اداروں میں موسم گرما کی چھٹیوں کا اعلان
حکومت پنجاب نے اسکولوں میں موسم گرما کی چھٹیوں کا اعلان کیا تھا۔ محکمہ اسکول ایجوکیشن پنجاب کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق آفٹرنون اسکولز میں کل سے جبکہ دیگر اسکولز میں 28 مئی سے موسم گرما کی تعطیلات ہوں گی۔ پنجاب بھر کے تمام اسکولز 15اگست سے دوبارہ کھلیں گے۔
خیبرپختونخوا میں بھی محکمہ ابتدائی و ثانوی تعلیم نے موسم گرما کے لیے اسکول کی تعطیلات کا اعلان کیا ہے، اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ گرمیوں کی چھٹیاں15جون سے 31اگست تک ہونگیں جبکہ صوبے کے بالائی اضلاع میں موسم گرما کی تعطیلات یکم جولائی سے31جولائی تک ہوگی۔