محکمہ موسمیات نے ملک کے بیشتر علاقوں میں آج موسم گرم اور خشک رہنے کی پیش گوئی کی ہے، جبکہ بحیرہ عرب میں بننے والے سمندری طوفان کے اثرات کے باعث کراچی سمیت سندھ اور بلوچستان میں شدید گرمی کی لہر برقرار رہنے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد، خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان اور کشمیر کے بعض علاقوں میں آندھی، گرج چمک اور بارش کا امکان ہے۔
گزشتہ روز پنجاب میں آندھی اور طوفانی بارشوں نے تباہی مچا دی تھی، اس دوران مختلف حادثات میں 12 افراد جاں بحق ہوئے، جبکہ درجنوں افراد زخمی ہوئے۔ حالیہ بارشوں میں دریائے سوات بپھر گیا۔اسلام آباد، خیبر پختونخوا اور آزاد کشمیر میں آندھی کے بعد گرج چمک کے ساتھ تیز بارش ہوئی ۔ درخت جڑوں سے اکھڑ گئے ، سائن بورڈز تیز ہوائیں اپنے ساتھ لے گئیں۔ بیشتر اضلاع میں کھمبے گرنے سے بجلی بھی معطل ہوگئی۔ دوپہر کے وقت شدید آندھی اور گردوغبار سے ہر طرف اندھیرا چھا گیا۔
دیر، سوات، مالاکنڈ، مانسہرہ اور پشاور میں آج بھی ہلکی بارش متوقع ہے، جبکہ پنجاب کے علاقوں مری، گلیات، راولپنڈی، اٹک اور چکوال میں بھی بارش ہو سکتی ہے۔ تاہم، پنجاب کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک اور گرم رہے گا۔
محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ بحیرہ عرب میں بننے والے طوفانی سسٹم کے باعث کراچی میں سمندری ہوائیں بند رہیں گی، جس سے گرمی کی شدت میں غیر معمولی اضافہ ہوگا۔ ماہرین کے مطابق سورج کا پارہ 40 ڈگری سینٹی گریڈ کو چھو سکتا ہے، جبکہ ساحلی علاقوں میں گرمی 45 ڈگری سینٹی گریڈ تک محسوس کی جائے گی۔ شہریوں کو بلا ضرورت گھروں سے باہر نہ نکلنے، دھوپ میں سفر سے گریز کرنے اور زیادہ پانی پینے کی ہدایت جاری کی گئی ہے۔
لاہور میں شدید طوفان؛ کراچی سے آنے والی پرواز حادثے سے بال بال بچ گئی
محکمہ موسمیات کے مطابق بلوچستان کے مختلف شہروں میں شدید گرمی ریکارڈ کی گئی۔ سبی میں درجہ حرارت 51 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا پہنچا، جبکہ تربت میں 44، نوکنڈی میں 45 اور چمن میں 40 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ کوئٹہ میں درجہ حرارت 39، قلات میں 34، زیارت میں 30 اور ژوب میں 37 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ ساحلی شہروں میں گوادر کا درجہ حرارت 36 اور جیوانی میں 35 ڈگری سینٹی گریڈ رہا۔
ملک کے بیشتر علاقوں میں گرمی کی شدت کے پیش نظر محکمہ موسمیات اور طبی ماہرین نے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔ خاص طور پر بزرگ افراد، بچے اور بیمار افراد کو دن کے اوقات میں باہر نکلنے سے گریز کا مشورہ دیا گیا ہے، تاکہ ہیٹ اسٹروک اور دیگر موسمی اثرات سے بچا جا سکے۔