بلوچستان یونیورسٹی کو انتظامیہ نے غیر معینہ مدت تک بند کر دیا جبکہ رجسٹرار بلوچستان یونیورسٹی نے نوٹیفکیشن جاری کردیا۔
تفصیلات کے مطابق سانحہ جعفر ایکسپریس کے بعد انتظامیہ نے بلوچستان یونیورسٹی کو غیر معینہ مدت تک کے لیے بند کر دیا، اس حوالے سے رجسٹرار بلوچستان یونیورسٹی نے نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔
اعلامیے کے مطابق جامعہ بلوچستان سمیت تمام کیمپسز کو اپنی تعلیمی سرگرمیاں آن لائن کرنے کی ہدایات جاری کی ہیں۔
جامعہ بلوچستان کی انتطامیہ کی جانب سے ڈائریکٹوریٹ آف انفارمیشن ٹیکنالوجی کو تمام ڈیٹا آن لائن شفٹ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے، ڈین اور ڈائریکٹرز رجسٹرار آفس کو ہفتہ وار کارکردگی رپورٹ جمع کرانے کی بھی ہدایت کردی گئی ہے۔
جعفر ایکسپریس پر حملہ: کوئٹہ سے اندرون ملک ٹرین سروس معطل
نوٹیفکیشن میں یونیورسٹی کے عملے کو معمول کے مطابق اپنے دفاتر میں رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے بلوچستان میں جعفر ایکسپریس پر دہشت گردوں کی جانب سے حملہ کیا گیا، اور مسافروں کو یرغمال بنالیا گیا تھا، جس کے بعد فورسز نے 36 گھنٹے کے آپریشن کے بعد یرغمال مسافروں کو بازیاب کروالیا تھا اور تمام دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا تھا، تاہم اس آپریشن کے شروع ہونے سے قبل حملہ آوروں کی جانب سے کئی مسافروں اور ٹرین میں سوار سرکاری اہلکاروں کو بھی شہید کیا گیا تھا۔
اس حملے کے بعد وفاقی حکومت نے سخت نوٹس لیتے ہوئے بلوچستان میں دہشتگردی ختم کرنے کا اعلان کیا، وزیراعظم شہباز شریف نے کوئٹہ کا دورہ کیا اور واضح کیا کہ بلوچستان سے دہشت گردی کا مکمل خاتمہ کی اجائے گا، اس کے لیے صوبوں سے وسائل نہیں لیں گے، فورسز کو ہر طرح کے وسائل فراہم کیے جائیں گے۔