خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (ایس آئی ایف سی) کے مؤثر تعاون سے پاکستان میں براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے مطابق ملک میں غیر ملکی سرمایہ کاری کی مجموعی صورتحال میں بہتری آئی ہے، جسے پاکستان کی اقتصادی کامیابی اور استحکام کا مظہر قرار دیا جا رہا ہے۔
حالیہ معرکۂ حق کی کامیابی کے بعد بھارتی پروپیگنڈے اور معیشت پر حملے مکمل طور پر بے اثر ثابت ہوئے ہیں، جبکہ دنیا کے مختلف ممالک کی جانب سے پاکستانی معیشت پر اعتماد میں اضافہ ہوا ہے۔
چین کی جانب سے توانائی، انفراسٹرکچر، ٹرانسپورٹ، اور صنعتی شعبوں میں 1028.6 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری ریکارڈ کی گئی ہے، جو کہ پاکستان میں سب سے بڑی غیر ملکی سرمایہ کاری ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ امریکی سرمایہ کاری 111.1 ملین ڈالر جبکہ برطانوی سرمایہ کاری 215.6 ملین ڈالر ریکارڈ کی گئی ہے، جو عالمی اعتماد کا واضح ثبوت ہے۔
بڑھتی ہوئی غیر ملکی سرمایہ کاری سے پاکستان کی معیشت ترقی کی راہ پر گامزن ہے۔
اقتصادی ماہرین کے مطابق ایس آئی ایف سی کی جانب سے فراہم کی جانے والی سہولتیں اور پالیسی معاونت غیر ملکی سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافے کا باعث بن رہی ہیں، جو مستقبل میں پاکستان کے معاشی استحکام کی بنیاد بنے گا۔