کراچی کے علاقے کورنگی جلیبی چوک میں گھر کے باہر فائرنگ سے خاتون رابعہ شدید زخمی ہوگئیں۔ علاقہ مکینوں نے فائرنگ کرنے والے شخص کو پکڑ کر تشدد کا نشانہ بنایا۔ پولیس کے مطابق واقعہ ڈکیتی مزاحمت نہیں بلکہ ذاتی رنجش کا نتیجہ ہے اور تحقیقات جاری ہیں۔
زخمی خاتون کے ماموں نے دعویٰ کیا کہ واقعہ ڈکیتی مزاحمت پر پیش آیا۔ ان کے مطابق رابعہ چار بچوں کی ماں ہے اور جانوروں کو چارہ دینے آئی تھی کہ اسی دوران ڈاکو گلی کے باہر موٹر سائیکل کھڑی کرکے آئے، موبائل چھینا اور گولی مار کر فرار ہوگئے، گولی رابعہ کے پیٹ میں لگی۔
پولیس نے ملزم بابر کو حراست میں لے کر اسلحہ بھی تحویل میں لے لیا۔ تاہم، پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم بابر اور زخمی خاتون رابعہ دوست ہیں اور تین سال سے فیکٹری میں ساتھ کام کرتے ہیں۔ ملزم کا رابعہ کے گھر آنا جانا بھی تھا۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق واقعہ تلخ کلامی کے دوران پیش آیا۔ گرفتار ملزم سے برآمد اسلحہ لائسنس یافتہ ہے۔ پولیس واقعے کی مزید معلومات حاصل کر رہی ہے۔
دوسری جانب راشد منہاس روڈ پر فائرنگ سے پولیس اہلکار شہید ہوگیا۔ شہید اہلکار کی شناخت 28 سالہ شہریار کے نام سے ہوئی جو شریف آباد اے وی ایل سی میں تعینات تھا۔ پولیس کے مطابق موٹر سائیکل سوار دو ملزمان نے فائرنگ کر کے اہلکار کو شہید کیا۔ شہید شہریار 2016 میں سندھ پولیس میں بھرتی ہوا تھا اور اس کی تعیناتی اینٹی وہیکل لفٹنگ سیل میں تھی، وہ لوئر کورس کے ساتھ ساتھ پولیو مہم پر بھی ڈیوٹی دے رہا تھا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ یہ واقعہ ٹارگٹ کلنگ ہے یا ذاتی دشمنی، تحقیقات جاری ہیں۔ رواں سال سندھ پولیس میں شہید اہلکاروں کی تعداد چار ہو چکی ہے۔
مزید برآں، شاہ فیصل کالونی نمبر پانچ میں مبینہ پولیس مقابلے کے دوران ایک ڈاکو زخمی حالت میں پکڑا گیا۔ شارع فیصل کارساز کے قریب فائرنگ کے واقعے میں طاہر نامی شہری زخمی ہوا، پولیس کے مطابق واقعہ ڈکیتی مزاحمت پر پیش آیا۔
کلفٹن میں شیشہ کیفے پر چھاپے کے دوران شیشہ اور منشیات برآمد ہونے پر ایک ملزم کو گرفتار کر لیا گیا۔ آئی آئی چندریگر روڈ پر واقع ایک بینک میں لگنے والی آگ پر فائربریگیڈ کی چار گاڑیوں اور ایک اسنارکل کی مدد سے قابو پا لیا گیا۔ ریسکیو حکام کے مطابق واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا اور آگ شارٹ سرکٹ کے باعث لگی۔
سپر ہائی وے جمالی پل کے قریب ٹریفک حادثے میں دس سالہ راہ گیر بچی شازیہ جاں بحق ہوگئی۔ ریسکیو حکام کے مطابق بچی کی لاش اسپتال منتقل کر دی گئی ہے۔