خیبر پختونخوا کے ضلع بنوں میں مسلح افراد کی فائرنگ سے ایک پولیس اہلکار جاں بحق ہو گیا۔ واقعہ ترنگ قبرستان کے قریب پیش آیا، جب اہلکار بچوں کو اسکول چھوڑنے جا رہا تھا۔
پولیس رپورٹ کے مطابق جاں بحق اہلکار کی شناخت ابرار کے نام سے ہوئی ہے، جو انویسٹی گیشن برانچ میں تعینات تھا۔ ابرار صبح کے وقت معمول کے مطابق اپنے بچوں کو اسکول لے جا رہا تھا کہ نامعلوم مسلح افراد نے گھات لگا کر فائرنگ کر دی، جس کے نتیجے میں وہ موقع پر ہی دم توڑ گیا۔
واقعے کے فوراً بعد پولیس کی بھاری نفری جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور علاقے کو گھیرے میں لے کر شواہد اکٹھے کیے۔ پولیس حکام کے مطابق شہر بھر میں ناکہ بندیاں کر دی گئی ہیں اور ملزمان کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن جاری ہے۔
واقعے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا جبکہ مقتول اہلکار کی لاش پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال منتقل کر دی گئی ہے۔