جماعت اسلامی کراچی نے شہر میں جاری بدترین لوڈشیڈنگ کے خلاف آج شہر بھر میں احتجاج کا اعلان کیا ہے۔
ترجمان جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان کے مطابق احتجاج شہر کی 10 سے زائد اہم شاہراہوں پر کیا جائے گا، جہاں عوام کے ساتھ مل کر کے الیکٹرک کی برقی دہشتگردی کے خلاف آواز بلند کی جائے گی۔
منعم ظفر خان کا کہنا تھا کہ کراچی میں روزانہ 12 سے 18 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ ہو رہی ہے، جس سے نہ صرف گھریلو زندگی متاثر ہو رہی ہے بلکہ کاروبار، تعلیم اور صحت کا نظام بھی درہم برہم ہو چکا ہے۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ کے الیکٹرک کا لائسنس فوری طور پر منسوخ کیا جائے اور کراچی کو نیشنل گرڈ سے براہِ راست بجلی فراہم کی جائے تاکہ شہریوں کو ریلیف مل سکے۔
جماعت اسلامی نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اس احتجاج میں بھرپور شرکت کریں تاکہ حکومت اور متعلقہ اداروں پر دباؤ بڑھایا جا سکے اور اس بحران کا مستقل حل نکالا جا سکے۔