خیبر پختونخوا کے اضلاع باجوڑ اور بنوں میں گزشتہ رات فتنۂ الخوارج کے دہشت گردوں نے دو پولیس اسٹیشنز پر حملے کیے، جنہیں سیکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ناکام بنا دیا۔
آئی جی خیبر پختونخوا ذوالفقار حمید کے مطابق دہشت گردوں نے ضلع باجوڑ کے علاقے لوئی ماموند اور ضلع بنوں کے علاقے میریان میں پولیس اسٹیشنز کو نشانہ بنایا، تاہم پولیس جوانوں نے انتہائی بہادری سے مقابلہ کرتے ہوئے دشمن کو پسپا کر دیا۔
آئی جی کا کہنا تھا کہ پولیس حملوں کو نہ صرف روکتی رہی بلکہ دہشت گردوں کا تعاقب بھی جاری رکھا جا رہا ہے تاکہ ان کے نیٹ ورک کا قلع قمع کیا جا سکے۔
واقعے کے بعد انسپکٹر جنرل خیبر پختونخوا نے جرأت اور بہادری کا مظاہرہ کرنے والے پولیس جوانوں کے لیے انعامات کا اعلان کیا ہے، تاکہ ان کی حوصلہ افزائی کی جا سکے۔
پولیس حکام کے مطابق حملوں میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا اور علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے۔