وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے بڑا اور تاریخی فیصلہ کرلیا۔ پنجاب کی پاور کمپنیوں کے ٹیرف میں 30 سے 40 فیصد تک کمی کی منظوری دے دی گئی، جس کے نتیجے میں بجلی کے بلوں میں واضح کمی آئے گی۔
یہ فیصلہ وزیراعلیٰ مریم نواز کی زیرصدارت صوبائی کابینہ کے 26ویں اجلاس میں کیا گیا۔ اجلاس میں عوامی فلاح اور معاشی دباؤ کم کرنے سے متعلق کئی اہم اقدامات کی منظوری دی گئی۔
وزیراعلیٰ مریم نواز نے کہا کہ ہم جو کہتے ہیں وہ کرکے دکھاتے ہیں عوام پاکستان مسلم لیگ (ن) پر اعتماد کرتے ہیں اور ہم ان کے اعتماد پر پورا اتریں گے۔
انہوں نے مزید اعلان کیا کہ پنجاب میں گندم کے کاشتکاروں کے لیے بڑا پیکیج دیا جا رہا ہے، جس کے تحت 5 لاکھ 14 ہزار کسانوں کو فی ایکڑ 5 ہزار روپے سبسڈی کی ادائیگی مکمل کی جا چکی ہے۔ اس حوالے سے کابینہ نے چیف منسٹر ویٹ پروگرام 2025 کی بھی منظوری دے دی۔
اجلاس میں صوبے کی پہلی ایئر لائن کمپنی ایئر پنجاب پرائیویٹ لمیٹڈ کے قیام کی منظوری دی گئی، جسے ایک سال کے اندر فعال کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔
وزیراعلیٰ نے مزدوروں اور صنعتی کارکنوں کے تحفظ کے لیے سخت ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ مزدور پانچ منزلہ عمارت سے گر کر مر جاتے ہیں، حکومت خاموش نہیں بیٹھ سکتی۔ انہوں نے تمام ورکرز کے لیے سیفٹی گیئر اور گٹروں کی صفائی کرنے والے عملے کو حفاظتی کٹس فراہم کرنے کا حکم بھی جاری کیا۔
مزید برآں، آٹزم سینٹرز میں تمام مریض بچوں کو بلا تفریق داخلہ دینے کی ہدایت کی گئی ہے۔ اجلاس میں ویپنگ سینٹرز بند کرنے کے لیے فوری اقدامات کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔
وزیراعلیٰ پنجاب کے ان اقدامات کو عوامی سطح پر بڑا ریلیف قرار دیا جا رہا ہے اور انہیں پنجاب میں ایک فعال اور نتیجہ خیز قیادت کی علامت کے طور پر سراہا جا رہا ہے۔