ڈیرہ اسماعیل خان پولیس نے کلاچی اور درابن کے علاقوں میں نجی کمپنی کے مغوی مزدوروں کی بازیابی کے لیے بڑا آپریشن کیا۔ پولیس اور اغواکاروں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ بھی ہوا، جس کے بعد 13 مغوی مزدوروں میں سے 5 کو بحفاظت بازیاب کرالیا گیا۔
پولیس کے مطابق باقی 8 مغوی مزدوروں کی بازیابی کے لیے آپریشن تاحال جاری ہے اور انشاءاللہ جلد انہیں بھی بحفاظت بازیاب کرالیا جائے گا۔
کارروائی کے دوران پولیس نے دہشت گردوں کے 13 سہولت کاروں کو بھی گرفتار کرلیا، جبکہ دہشتگردوں کے متعدد ٹھکانوں کو بھی نشانہ بنایا گیا۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ مغویوں کی بازیابی اور دہشتگردوں کے نیٹ ورک کی مکمل بیخ کنی تک آپریشن جاری رہے گا۔