دنیا بھر سے آئے ہوئے لاکھوں عازمینِ حج میدانِ عرفات میں رکنِ اعظم وقوف عرفہ کی ادائیگی کر رہے ہیں۔ اس موقع پرامام کعبہ شیخ صالح بن عبداللہ نے مسجد نمرہ میں خطبہ حج دیا۔
خطبہ حج کے دوران امام کعبہ نے تقویٰ، صبر، توحید، عبادات اور معاشرتی ذمہ داریوں پر زور دیتے ہوئے فرمایا کہ میں گواہی دیتا ہوں کہ اللہ ایک ہے اور محمد ﷺ اس کے رسول ہیں۔ تقویٰ اختیار کرو، اللہ سے ڈرو، اور جس چیز سے اللہ نے منع کیا ہے، اس سے رک جاؤ۔
امام کعبہ نے فرمایا کہ اللہ تعالیٰ معاف کرنے والا ہے، تقویٰ اختیار کرنے والوں پر اس کی خاص رحمت نازل ہوتی ہے۔ نیکی کے کاموں میں ایک دوسرے کا ساتھ دو اور برائی سے بچو۔
امام شیخ ڈاکٹرصالح بن عبد اللہ نے حج کا خطبہ دیتے ہوئے فرمایا کہ آج کے دن اللہ نے امتِ محمد ﷺ پر اپنی نعمتیں مکمل کر دی ہیں اور اسلام کو بطور دین پسند فرمایا ہے۔ انہوں نے عبادات کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا نماز، روزہ، زکوٰۃ اور حج اسلام کے بنیادی ارکان ہیں۔ جو ان پر عمل کرتا ہے وہی کامیاب ہے۔
خطبہ میں امام کعبہ نے توحید، نماز، معاشرتی انصاف، پڑوسیوں سے حسن سلوک اور گناہوں سے بچنے کی خصوصی تلقین کی اور فرمایا کہ شیطان تمہارا کھلا دشمن ہے، اس سے ہوشیار رہو۔ نیکیوں کو عام کرو، معاشرے میں محبت پھیلاؤ، اللہ اور اس کے رسول ﷺ کے احکامات پر عمل کرو۔
امام کعبہ نے ایمان کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ایمان زبان سے اقرار اور دل سے تصدیق کا نام ہے۔ نماز، حیا، صدقِ کلام، اور فرائض کی ادائیگی ایمان کا حصہ ہیں۔