سعودی وزارتِ صحت نے اس سال 1446 ہجری کے حج سیزن میں حجاج کرام میں ہیٹ ایکسہاسٹشن کے کیسز میں 90 فیصد کی نمایاں کمی ریکارڈ کی ہے، جو گزشتہ سال کی نسبت ایک بڑی کامیابی ہے۔ وزارتِ صحت نے کہا کہ یہ اہم کامیابی صحت کے شعبے کی مربوط کوششوں کا نتیجہ ہے، جو مختلف حکومتی اداروں کے ساتھ مل کر صحت کے خطرات کو بروقت حل کرنے میں مصروف ہیں۔
بین الاقوامی زرائع ابلاغ کے مطابق یہ کامیابی ’صحت کے شعبے کی تبدیلی کے پروگرام‘ اور ’حاجیوں کے تجربے کے پروگرام‘ کے مقاصد سے ہم آہنگ ہے، جو کہ مملکت کے وژن 2030 کا حصہ ہیں۔ یہ پروگرام حجاج کو محفوظ اور صحت مند ماحول میں اپنے حج کے مناسک ادا کرنے کے لیے سہولت فراہم کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔

وزارتِ صحت نے تصدیق کی ہے کہ اس کمی کی بنیادی وجہ احتیاطی تدابیر، صحت کے بارے میں آگاہی کی مہمات اور صحت کے شعبے و دیگر متعلقہ حکومتی اداروں کے درمیان مضبوط ہم آہنگی ہے۔ ان مشترکہ کوششوں کے نتیجے میں حجاج کرام کو ہیٹ ویو یا ہیٹ اسٹروک سے محفوظ رکھنے میں کامیابی حاصل ہوئی ہے، جس کے نتیجے میں وہ اپنے عبادات آرام سے اور محفوظ طریقے سے ادا کر رہے ہیں۔