روس کا یوکرین کے شہر خارکیف پر بڑا ڈرون اور میزائل حملہ، 3 افراد ہلاک

0 minutes, 0 seconds Read

روسی افواج نے مشرقی یوکرین کے شہر خارکیف پر رات کے وقت ڈرونز، میزائلوں اور رہنمائی شدہ بموں سے حملہ کیا، جس کے نتیجے میں کم از کم 3 افراد ہلاک اور 22 زخمی ہوئے، جن میں ایک ڈیڑھ ماہ کا شیر خوار بچہ بھی شامل ہے۔

خارکیف کے میئر نے بتایا کہ روس کی جانب سے شہر پر 206 ڈرونز اور 9 میزائل داغے گئے، انہوں نے کہا کہ فروری 2022 میں روس یوکرین جنگ کے آغاز کے بعد یہ خارکیف پر سب سے شدید حملہ تھا جس میں کثیر المنزلہ اور نجی رہائشی عمارتیں، تعلیمی ادارے اور بنیادی ڈھانچے کی تنصیبات نشانہ بنیں۔

یوکرینی حکام کے مطابق روس کے 174 حملوں کو فضائی دفاعی نظام کی مدد سے ناکام بنایا گیا۔

برطانیہ نے روس کو فوری ’خطرہ‘ قرار دے دیا، چین سے متعلق بھی وارننگ

دوسری طرف روسی وزارت دفاع نے دعویٰ کیا ہے کہ یوکرین کی جانب سے روس کے مختلف علاقوں بشمول کرسک، برینسک، کلوگا، سمولنسک اور ماسکو پر فائر کیے گئے 36 ڈرونز کو مار گرایا گیا۔

ادھر خارکیف کے علاوہ یوکرین کے خیرسون ریجن میں بھی روس کی شیلنگ سے ایک عمارت منہدم ہو گئی، جس کے نتیجے میں ایک میاں بیوی جاں بحق ہو گئے۔

یوکرین کا روس پر بڑا حملہ، 40 جنگی جہازوں کو تباہ کردیا

دریں اثناء روسی وزارت خارجہ نے یوکرین سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اپنے 6 ہزار فوجیوں اور افسران کی لاشیں فوری طور پر وصول کرے تاکہ ان کے اہلخانہ ان کی عزت و احترام کے ساتھ تدفین کر سکیں۔ یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب یوکرین نے قیدیوں کے تبادلے کے عمل کو معطل کر دیا ہے۔

روسی وزارت خارجہ نے مزید کہا کہ استنبول میں طے پانے والا معاہدہ روس کی جانب سے عملدرآمد کے لیے تیار ہے، اور وہ چاہتے ہیں کہ یوکرین بھی اس پر مکمل عمل کرے تاکہ انسانی ہمدردی کے اصولوں کا تحفظ ممکن ہو سکے۔

Similar Posts