جیسوال اور فرنینڈو کو لڑائی کرنا مہنگا پڑگیا: آئی سی سی نے سزا سنادی
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے کولمبو میں بھارت اور سری لنکا کے درمیان دوسرے ٹیسٹ کے پہلے روز پیش آنے والے واقعے پر بھارتی بیٹر یشسوی جیسوال اور سری لنکن بولر اسیتھا فرنینڈو کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے دونوں پر میچ فیس کا 25، 25 فیصد جرمانہ عائد کردیا ہے جب کہ دونوں کے ڈسپلنری ریکارڈ میں ایک، ایک ڈی میرٹ پوائنٹ بھی شامل کردیا گیا ہے۔
آئی سی سی کے مطابق یشسوی جیسوال اور اسیتھا فرنینڈو کو ضابطہ اخلاق کے آرٹیکل 2.12 کی خلاف ورزی کا مرتکب قرار دیا گیا، جس کا تعلق میچ کے دوران کسی کھلاڑی، آفیشل، امپائر، میچ ریفری یا دیگر فرد سے نامناسب جسمانی رابطے سے ہے۔
واقعہ کولمبو ٹیسٹ کے پہلے روز بھارت کی اننگز کے 17ویں اوور کی آخری گیند پر پیش آیا، جب اسیتھا فرنینڈو نے یشسوی جیسوال کو آؤٹ کیا۔ جیسوال ڈریسنگ روم کی جانب جارہے تھے تاہم انہوں نے اپنا رخ تبدیل کیا اور فرنینڈو کی جانب بڑھے اور اس دوران دونوں کھلاڑیوں کے درمیان الفاظ کا تبادلہ ہوا۔
آئی سی سی کے بیان کے مطابق فرنینڈو نے جیسوال کی جانب اپنا سر کیا، جس کے جواب میں جیسوال بھی آگے کی جانب جھکے، جس کے نتیجے میں دونوں کے سروں کا آپس میں ٹکراؤ ہوا۔
ٹی وی مناظر میں بظاہر جیسوال کو جسمانی رابطے کا آغاز کرتے ہوئے دکھایا گیا۔ جیسوال نے فرنینڈو کی جانب رخ کرکے قدم بڑھایا، جس پر فرنینڈو نے بھی معمولی سا قدم آگے لیا۔ اس کے بعد جیسوال نے ہیلمٹ پہنے ہوئے اپنا سر فرنینڈو کی جانب جھکایا تاہم فرنینڈو اس موقع پر پیچھے نہیں ہٹے۔
دونوں کھلاڑیوں نے اپنی خلاف ورزی تسلیم کرلی اور آئی سی سی ایلیٹ پینل آف میچ ریفریز کے اینڈی پائی کرافٹ کی جانب سے تجویز کردہ سزائیں قبول کرلیں، جس کے باعث باضابطہ سماعت کی ضرورت پیش نہیں آئی۔
آئی سی سی کے مطابق جیسوال اور فرنینڈو دونوں نے واقعے سے قبل گزشتہ 24 ماہ کے دوران ایسی کوئی خلاف ورزی نہیں کی تھی، جس پر ان کے ڈسپلنری ریکارڈ میں ڈی میرٹ پوائنٹ شامل کیا گیا ہو۔
آئی سی سی کے ضابطہ اخلاق کے تحت لیول ون کی خلاف ورزی پر کم از کم باضابطہ سرزنش جب کہ زیادہ سے زیادہ کھلاڑی کی میچ فیس کے 50 فیصد تک جرمانہ اور ایک یا دو ڈی میرٹ پوائنٹس کی سزا دی جاسکتی ہے۔
جیسوال نے آؤٹ ہونے سے قبل 53 گیندوں پر 45 رنز بنائے تھے اور وہ بھارت کی جانب سے آؤٹ ہونے والے دوسرے بیٹر تھے۔ بھارت نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا اور جیسوال کی وکٹ گرنے کے وقت ٹیم کا اسکور 66 رنز تھا۔
اسیتھا فرنینڈو نے پہلے روز جیسوال کے علاوہ شبمن گل اور رویندرا جڈیجا کی وکٹیں بھی حاصل کیں جب کہ بھارت نے پہلے دن کا کھیل 5 وکٹوں کے نقصان پر 300 رنز کے ساتھ ختم کیا۔
دوسرے ٹیسٹ کے دوسرے روز بھی بھارت اور سری لنکا کے درمیان مقابلہ جاری رہا تاہم دوسرے سیشن میں بارش کے باعث کھیل روکنا پڑا۔ کھیل روکے جانے تک بھارت نے 8 وکٹوں کے نقصان پر 475 رنز بنالیے تھے جب کہ دھرو جوریل 95 رنز پر ناقابل شکست تھے اور اپنی دوسری ٹیسٹ سنچری سے صرف 5 رنز دور تھے۔
یاد رہے کہ بھارت نے گال میں کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ میں سری لنکا کو 165 رنز سے شکست دی تھی جب کہ دو ٹیسٹ میچز کی سیریز میں بھارت کو ایک صفر کی برتری حاصل ہے۔