چیئرمین پیپلزپارٹی اور سابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں پاکستان کا اعلیٰ سطحی سفارتی وفد جرمنی کے دارالحکومت برسلز پہنچ گیا۔ وفد میں اہم سیاسی و پارلیمانی شخصیات شامل ہیں جن میں سینیٹر مصدق ملک، شیری رحمان، حناربانی کھر، خرم دستگیر خان اور فیصل سبزواری شامل ہیں۔ پاکستانی سفیر برائے یورپی یونین رحیم حیات قریشی اور سفارت خانے کے دیگر افسران نے وفد کا پرتپاک استقبال کیا۔
سفارتی ذرائع کے مطابق پاکستانی وفد برسلز میں یورپی یونین اور بیلجیئم کے اعلیٰ حکام سے اہم ملاقاتیں کرے گا جن میں خطے کی صورتحال، پاکستان کا مؤقف، اور بھارت کے حالیہ جارحانہ اقدامات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ وفد یورپی قیادت کو مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالیوں اور بھارتی انتہا پسندی کے خطرات سے بھی آگاہ کرے گا۔
پاکستان نے بھارتی وزیر خارجہ کے غیر ذمہ دارانہ بیانات کو مسترد کردیا
دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف آج متحدہ عرب امارات کے دورے پر روانہ ہوں گے جہاں وہ اماراتی صدر اور ابوظہبی کے حکمران شیخ محمد بن زاید النہیان سے دو طرفہ ملاقات کریں گے۔ دورے میں سینیٹر اسحاق ڈار، وفاقی وزرا اور دیگر اعلیٰ حکام بھی وزیراعظم کے ہمراہ ہوں گے۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم یو اے ای قیادت کو پاک بھارت جنگ کی صورتحال سے آگاہ کریں گے اور مشکل وقت میں پاکستان کی مکمل حمایت پر اماراتی قیادت کا خصوصی شکریہ ادا کریں گے۔
بھارت کے بھونڈے الزامات پر ایڈیشنل سیکریٹری خارجہ عمران صدیقی کا کرارا جواب
یہ وزیراعظم شہباز شریف کا رواں سال میں یو اے ای کا دوسرا دورہ ہے، اس سے قبل وہ فروری میں بھی اماراتی قیادت سے ملاقات کر چکے ہیں۔