کراچی میں ایک بار پھر زلزلے کے جھٹکے، 12 دنوں میں مجموعی تعداد 37 تک جا پہنچی

0 minutes, 0 seconds Read

کراچی: شہر قائد میں زلزلے کے جھٹکوں کا سلسلہ مسلسل جاری ہے۔ شہر کے مشرقی علاقوں میں ایک بار پھر زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے، جس کے بعد یکم جون سے اب تک زلزلوں کی مجموعی تعداد 37 ہو چکی ہے۔ یہ کراچی کی تاریخ میں پہلی بار ہے کہ صرف 12 دنوں میں اتنی بڑی تعداد میں زلزلے ریکارڈ کیے گئے ہیں۔

گزشتہ رات رات 1 بج کر 44 منٹ پر قائدآباد اور ملیر کے علاقوں میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے، جس کے باعث شہری خوفزدہ ہو کر گھروں سے باہر نکل آئے۔ زلزلہ پیما مرکز کے مطابق اس جھٹکے کی شدت ریکٹر اسکیل پر 2.6 ریکارڈ کی گئی جبکہ اس کی گہرائی 10 کلومیٹر تھی۔ زلزلے کا مرکز کراچی کے مضافاتی علاقے بتائے گئے ہیں۔

حکام کے مطابق زلزلے کے جھٹکے مختصر دورانیے کے تھے اور تاحال کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔ شہر کے دیگر علاقوں گڈاپ، ڈی ایچ اے، کورنگی اور ملیر سے بھی زلزلے کی اطلاعات موصول ہوئیں۔

ماہرین ارضیات کے مطابق گزشتہ 12 روز میں کراچی میں محسوس کیے جانے والے زلزلوں کی شدت 3.6 سے 1.8 کے درمیان رہی ہے۔ حکام نے شہریوں کو افواہوں سے گریز کرنے، محتاط رہنے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال کے لیے تیار رہنے کی ہدایت کی ہے۔

Similar Posts