کراچی چلتا ہے تو پاکستان چلتا ہے، سازشیں کرنیوالے ناکام ہوں گے، مرتضٰی وہاب

0 minutes, 0 seconds Read

بلدیہ عظمیٰ کا پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت ورلڈ کلاس بیچ ریزورٹ عوام کےلیے کھول دیا گیا۔ اس موقع پر میئر کراچی مرتضٰی وہاب کا کہنا ہے کہ کراچی چلتا ہے تو پاکستان چلتا ہے، سازشیں کرنے والے ناکام ہوں گے، ہم شہر کےلیے کام کرتے رہیں گے۔ انھوں نے کہا کہ شہریوں کو اب تفریح کے لیے بیرونِ ملک جانے کی ضرورت نہیں۔

کراچی میں پیپلزپارٹی کے رہنما اور میئر کراچی مرتضی وہاب نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ پیپلز پارٹی کے لیے 21 جون ایک اہم دن ہے۔ انہوں نے اس دن کو اسلامی دنیا کی پہلی خاتون وزیراعظم محترمہ شہید بے نظیر بھٹو کی پیدائش کے حوالے سے بھی یاد کیا۔

مرتضی وہاب نے کہا کہ آج بلدیہ عظمیٰ کراچی نے ایک اور اہم سنگ میل حاصل کیا ہے، جس کے تحت شہر میں ایک نئے بیچ ریزورٹ کا افتتاح کیا گیا ہے۔ یہ ریزورٹ بلدیہ عظمیٰ کراچی اور پیپلزپارٹی کے اشتراک سے پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت قائم کیا گیا ہے اور آج سے مکمل طور پر فعال ہوچکا ہے۔

میئر کراچی نے کہا، ”اب کراچی کے شہریوں کو تھائی لینڈ یا ملیشیا جانے کی ضرورت نہیں ہے، کیونکہ بلدیہ عظمیٰ کراچی نے ورلڈ کلاس ریزورٹ فراہم کیا ہے جہاں ایک ہی چھت تلے تمام جدید سہولتیں دستیاب ہوں گی۔“

انہوں نے مزید کہا کہ اس ریزورٹ کے ذریعے بیچ اسپورٹس کو بھی فروغ دیا جائے گا اور یہ شہر کے لیے نئی تفریحی امکانات کا دروازہ کھولے گا۔ ”یہ صرف آغاز ہے، اگر شہریوں نے ہمارا ساتھ دیا تو ہم ملیر اور ابراہیم حیدری میں مزید ریزورٹس قائم کریں گے، ہمارا مقصد شہریوں کو سستی تفریح فراہم کرنا اور روزگار کے مواقع مہیا کرنا ہے۔“

مرتضی وہاب نے یہ بھی کہا کہ اس ریزورٹ میں جانے کے لیے کسی ویزا، جہاز کے ٹکٹ یا سفارش کی ضرورت نہیں ہوگی۔ ”آپ آن لائن بکنگ کر کے یہاں کی سہولتوں سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔“

انہوں نے کراچی کی مثبت تصویر کو دنیا کے سامنے پیش کرنے کی اہمیت پر زور دیا اور کہا کہ تمام مسائل کے باوجود کراچی پاکستان کا صنعتی اور معاشی دارالحکومت ہے۔ ”جو شہر سمندر سے جڑے ہوئے ہیں وہ آج دنیا کے ترقی یافتہ شہروں میں شامل ہیں اور کراچی بھی ان شہروں میں شامل ہو گا۔“

شہر کے انفراسٹرکچر پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آئی آئی چندریگر روڈ پر تمام اہم دفاتر موجود ہیں اور اس روڈ کی عالمی معیار کے مطابق دوبارہ تعمیر کی جائے گی۔

کراچی کے خلاف سازشوں کے حوالے سے میئر کراچی نے کہا کہ، ”اس شہر کی اہمیت اتنی بڑی ہے کہ لوگ لاہور یا ملتان کیوں نہیں جاتے؟ یہاں تقریباً تین کروڑ افراد آباد ہیں، اور کراچی کے ریسٹورنٹس اور اداروں میں پورے ملک کے لوگ کام کرتے ہیں۔“

انہوں نے برطانوی اخبار میں چھپے ہوئے ایک سروے کو سازش پر مبنی قرار دیا اور کہا کہ، ”ایم کیو ایم نے اپنے ماضی کو بھلا کر میرے اور ڈپٹی میئر کے پیچھے پڑنا شروع کر دیا ہے۔“

مرتضی وہاب نے آخر میں کہا کہ کراچی کی ترقی کے لیے ہر سطح پر کام جاری رہے گا اور شہر کی خوشحال اور روشن تصویر دنیا کے سامنے لانے کے لیے ہر ممکن اقدام کیا جائے گا۔

Similar Posts