ٹرمپ کے سیز فائر اعلان کے باوجود ایران اور اسرائیل کے ایک دوسرے پر حملے، متعدد ہلاکتیں

0 minutes, 0 seconds Read

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ایران اسرائیل کے درمیان سیز فائر کے اعلان کے بعد ایران نے اسرائیل پر بیلسٹک میزائل حملہ کر دیا جس کے نتیجے میں 5 اسرائیلی شہری ہلاک جبکہ متعدد زخمی ہوئے ہیں۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق جنوبی اسرائیل کے شہر بیر شیوا میں منگل کی صبح ایرانی میزائل حملے میں ہلاکتوں کی تعداد 5 ہوگئی ہے، جب ایرانی میزائل نے ایک رہائشی عمارت کو نشانہ بنایا۔ یہ حملہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے جنگ بندی کے اعلان کے چند گھنٹوں بعد کیا گیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق بیر شیوا سے ایک ویڈیو منظرِ عام پر آئی ہے جس میں دکھایا گیا ہے کہ ایرانی میزائل کے حملے کے نتیجے میں رہائشی کمپلیکس مکمل طور پر تباہ ہوگیا ہے۔ ویڈیو میں عمارت کے باہر جلتی ہوئی گاڑیوں اور درختوں کے ملبے کو دیکھا جا سکتا ہے۔

اسرائیلی ایمرجنسی سروسز نے بتایا ہے کہ ایرانی میزائل حملے میں اب تک 5 افراد ہلاک اور کئی زخمی ہوئے ہیں۔

ایرانی سپریم لیڈر کس کی حفاظت میں ہیں؟ پاسداران انقلاب کو بھی ان محافظوں کا نہیں پتا

اسرائیلی ایمرجنسی سروس مگن ڈیوڈ ایڈوم (MDA) کے ایک بیان میں کہا گیا کہ جنوبی اسرائیل میں میزائل کے اثرات کے بعد، اب تک 5 افراد کی ہلاکت کی تصدیق ہو چکی ہے۔ دو افراد کو معتدل زخمی حالت میں اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، اور تقریباً 6 افراد کے معمولی زخمی ہونے پر ہی انہیں جائے وقوع پر طبی امداد فراہم کی گئی ہے۔

ایران میں اسرائیل کا حملہ

ایران کے حملے کے بعد اسرائیل نے بھی ایران کے شمالی صوبہ گیلان میں منگل کی صبح فضائی حملہ کیا جس میں کم از کم 9 افراد جاں بحق اور درجنوں زخمی ہو گئے۔

ایرانی ریاستی میڈیا کے مطابق گیلان کے نائب گورنر نے اس بات کی تصدیق کی کہ حملہ صوبہ گیلان کے شمال مغربی علاقے میں رہائشی عمارتوں پر کیا گیا۔

تسنیم نیوز ایجنسی کے مطابق، گیلان کے نائب گورنر نے بتایا کہ اس حملے میں 33 افراد زخمی ہوئے اور چار رہائشی یونٹس مکمل طور پر تباہ ہو گئے۔ 16 افراد میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں، جنہیں ہلاک یا زخمی ہونے والوں میں شامل کیا گیا ہے۔

حکام کے مطابق، حملے کی شدت اتنی زیادہ تھی کہ ارد گرد کی دیگر رہائشی عمارتیں بھی متاثر ہوئیں اور وہاں کی انفراسٹرکچر کو بھی شدید نقصان پہنچا۔

حکام نے مزید بتایا کہ اسرائیلی حملے نے علاقے میں شدید تباہی مچائی ہے اور کئی گھروں کے ملبے تلے لوگ دبے ہوئے ہیں جنہیں نکالنے کے لیے امدادی کام جاری ہے۔ زخمیوں کو قریبی اسپتالوں میں منتقل کیا جا رہا ہے۔

خیال رہے اسرائیل اور ایران کے درمیان کشیدگی میں اس وقت مزید اضافہ ہوا جب 13 جون کو اسرائیل نے ایران کے جوہری اور فوجی مقامات پر پیشگی حملے کیے، جس کے بعد امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے خطے میں ”بڑی“ جنگ کے امکان کے بارے میں خبردار کیا تھا۔

اسرائیلی حملے میں ایک اور معروف ایرانی ایٹمی سائنسدان جاں بحق

یاد رہے کہ دونوں ممالک کے درمیان یہ شدید لڑائی گزشتہ 12 دنوں سے جاری ہے، جس میں دونوں جانب فضائی حملوں کا سلسلہ جاری ہے۔

Similar Posts