کراچی میں بینک سے رقم لے کر نکلنے والا ایک اور شہری لٹ گیا

0 minutes, 0 seconds Read

کراچی میں بینک سے رقم لے کر نکلنے والا ایک اور شہری لٹ گیا۔ ڈیفنس فیز فور میں موٹر سائیکل سوار ملزمان نے دن دیہاڑے شہری سے گھر کی دہلیز پر 30 لاکھ روپے لوٹ لیے۔ ہیلمٹ پہن کر شناخت چھپانے والے ملزمان کی سی سی ٹی وی فوٹیج آج نیوز نے حاصل کر لی ہے۔

شہرِ قائد میں بینک سے رقم نکلوانے کے بعد شہریوں کو لوٹنے کی وارداتوں کا سلسلہ نہ رک سکا۔ ڈیفنس فیز فور میں موٹر سائیکل سوار مسلح ملزمان نے ایک شہری کو گھر کی دہلیز پر ہی دن دیہاڑے لوٹ لیا، واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج آج نیوز نے حاصل کر لی ہے۔

واردات گزشتہ روز ڈیفنس فیز فور کی کمرشل اسٹریٹ کے قریب اس وقت پیش آئی جب دو افراد ایک کار میں بینک سے رقم لے کر واپس اپنے گھر پہنچے۔ جیسے ہی ایک شہری گاڑی سے باہر نکلا، دو موٹر سائیکلوں پر سوار چار ملزمان وہاں پہنچ گئے۔

سی سی ٹی وی فوٹیج کے مطابق، دو ملزمان فوری طور پر موٹر سائیکل سے اترے اور شہری پر اسلحہ تان لیا۔ ملزمان نے شناخت چھپانے کے لیے ہیلمٹ اور ماسک پہن رکھے تھے۔ ایک ملزم کا چہرہ فوٹیج میں واضح طور پر نظر آ رہا ہے۔

مسلح ڈاکو شہری سے 30 لاکھ روپے سے بھرا بیگ چھین کر فرار ہو گئے۔ واردات کے بعد متاثرہ شہری شاہد حسین کی مدعیت میں مقدمہ گزری تھانے میں درج کر لیا گیا ہے، تاہم واضح فوٹیج کے باوجود پولیس تاحال ملزمان کو گرفتار نہیں کر سکی۔

شہریوں نے وارداتوں کی بڑھتی ہوئی تعداد پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے قانون نافذ کرنے والے اداروں سے فوری کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔

Similar Posts