ایران کے ساتھ جنگ اسرائیل کو مہنگی پڑگئی، ایرانی حملوں کے باعث اسرائیل کو چھ ارب ڈالر کا نقصان پہنچنے کا انکشاف سامنے آیا ہے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق اسرائیل کی جی ڈی پی میں بھی ایک فیصد کمی کا امکان ہے۔
اسرائیلی سینٹرل بینک کا کہنا ہے کہ جنگ سے اسرائیل کے انفرا اسٹرکچر کو شدید نقصان پہنچا ہے۔
ادھر اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کی ہٹ دھرمی برقرار ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایران کے خلاف فتح نے امن کے دروازے کھول دیے ہیں، یرغمالیوں کی رہائی اور حماس کی شکست کا موقع ملا ہے جسے ہم ضائع نہیں کریں گے۔
دوسری جانب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے تصدیق کی ہے کہ آئندہ ہفتے ایران اور امریکہ کے اعلیٰ حکام کے درمیان براہ راست مذاکرات ہوں گے۔ ٹرمپ نے اس اعلان کے ساتھ دعویٰ کیا کہ ایرانی جوہری تنصیبات پر حالیہ امریکی حملہ ”انتہائی کامیاب“ رہا اور اس کے نتیجے میں ایران کا ایٹمی پروگرام کئی برس پیچھے چلا گیا۔
صدر ٹرمپ کا میڈیا سے گفتگو میں کہنا تھا کہ چاہے ایران کے ساتھ نیا معاہدہ ہو یا نہ ہو، اہم بات یہ ہے کہ ہم نے ایرانی ایٹمی صلاحیت کو شدید نقصان پہنچایا ہے۔
ایرانی جوہری تنصیبات کی تباہی میں ناکامی پر ٹرمپ اور پینٹاگون آمنے سامنے
ان کا مزید کہنا تھا کہ امریکی کارروائی نے تہران کے جوہری پروگرام کو کئی سال پیچھے دھکیل دیا ہے اور ایران اب فوری طور پر جوہری بم بنانے کی پوزیشن میں نہیں رہا۔