لیاقت پور: کلینک آن وہیلز کی گاڑیاں ناکارہ، طبی عملہ شدید مشکلات کا شکار

0 minutes, 0 seconds Read

لیاقت پور میں ”کلینک آن ویل“ منصوبہ مبینہ کرپشن اور بدانتظامی کی نذر ہونے لگا۔ مریم نواز کی جانب سے عوامی فلاح کے لیے فراہم کی گئی متعدد موبائل کلینک گاڑیاں چند ہی دنوں میں ناکارہ نکلیں، جن میں بنیادی سہولیات کا شدید فقدان ہے۔

ذرائع کے مطابق گاڑیوں میں نہ پنکھے ہیں نہ ایئر کنڈیشنر، جس کے باعث شدید گرمی میں طبی عملے کی حالت غیر ہو رہی ہے۔ علاوہ ازیں، حالیہ بارش کے دوران ایک گاڑی کی چھت سے پانی ٹپکنے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو چکی ہے، جو منصوبے میں ناقص میٹریل اور غیر معیاری تعمیرات کی عکاسی کرتی ہے۔

آج نیوز کو موصول ہونے والی ایک اور ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ نئی گاڑی اسٹارٹ نہ ہونے پر شہریوں سے دھکا لگوایا جا رہا ہے۔

اس ویڈیو میں شہری گاڑی کو دھکا دیتے ہوئے واضح طور پر نظر آ رہے ہیں، جب کہ بتایا جا رہا ہے کہ گاڑی کی بیٹری بھی ناکارہ ہو چکی ہے۔

مزید ذرائع کے مطابق، کلینک آن ویل کی متعدد گاڑیاں چند روز میں ہی بند پڑ گئی ہیں اور طبی سہولیات شدید متاثر ہوئی ہیں۔ ان گاڑیوں میں نہ صرف تکنیکی خامیاں ہیں بلکہ ضروری میڈیکل سامان کی بھی کمی ہے، جس سے منصوبے کی افادیت صفر ہو کر رہ گئی ہے۔

شہریوں نے حکومت پنجاب سے مطالبہ کیا ہے کہ منصوبے میں ہونے والی مبینہ کرپشن کی شفاف تحقیقات کی جائیں اور ذمہ داروں کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔

Similar Posts