کراچی میں پولیس کی اپنی ہی ٹیم کے ساتھ چالاکی کا انوکھا واقعہ سامنے آگیا۔ شاہ فیصل کالونی تھانے کے تھانیدار نے ٹاسک فورس کی کارروائی کے دوران برآمد کی گئی 24 لاکھ روپے سے زائد نقدی کو غائب کردیا۔
تفصیلات کے مطابق 20 جون کو ڈی آئی جی عرفان بلوچ کی سربراہی میں قائم ٹاسک فورس نے کاشف لنگڑا نامی بدنام زمانہ گٹکا فروش کی فیکٹری پر چھاپہ مارا۔ کارروائی کے دوران 24 لاکھ روپے نقدی، بھاری مقدار میں گٹکا، چھالیہ اور دیگر ممنوعہ اشیاء برآمد کی گئیں، جنہیں موقع پر موجود پولیس اہلکاروں کے ذریعے شاہ فیصل کالونی تھانے کے حوالے کیا گیا۔
تاہم حیران کن طور پر تھانے میں درج کیے گئے مقدمے میں صرف 1500 روپے نقدی ظاہر کی گئی، جبکہ دیگر برآمد شدہ سامان کا بھی کہیں کوئی ذکر موجود نہیں۔ پولیس ذرائع کے مطابق تمام برآمدی سامان کی ویڈیوز بھی بنائی گئی تھیں جو اب ثبوت کے طور پر سامنے آ سکتی ہیں۔
کراچی :اسکریپ تاجر اغوا، مغوی کی رہائی کے لیے 2 کروڑ، قیمتی گھڑیاں اور آئی فونز کا مطالبہ
ذرائع کا کہنا ہے کہ تھانے کے عملے کی جانب سے نہ صرف 24 لاکھ سے زائد کی نقدی غائب کی گئی بلکہ گٹکا، چھالیہ اور دیگر مال بھی غائب کر دیا گیا۔
واقعے کے بعد اعلیٰ پولیس افسران نے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے، جبکہ معاملہ پولیس نظام میں شفافیت اور احتساب پر ایک بڑا سوالیہ نشان بن گیا ہے۔