ایئر چیف مارشل کا اسپیکر قومی اسمبلی کو اظہارِ تشکر کا خط، پارلیمانی کردار کی تعریف

0 minutes, 0 seconds Read

پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کے نام اظہار تشکر کا خط لکھا ہے، جس میں انہوں نے اسپیکر قومی اسمبلی کے پارلیمانی کردار کی تعریف کی ہے۔

ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے یہ خط اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کے خط کے جواب میں لکھا ہے۔

اپنے خط میں ایئر چیف مارشل نے کہا کہ کہا کہ بھارتی جارحیت کے خلاف قومی یکجہتی قائم کرنے کے لیے اسپیکر سردار ایاز صادق کا کردار قابل ستائش ہے، پارلیمانی قیادت کی جانب سے قومی اتحاد کے مظاہرے پر پاک فضائیہ شکر گزار ہے۔

پاک فضائیہ کے سربراہ نے مزید لکھا کہ قومی اسمبلی کے معزز ارکان کی پاک فضائیہ کے حق میں یکجہتی قابلِ فخر ہے، دشمن کی جارحیت کے مؤثر جواب دینے پر پارلیمانی و قومی قیادت کی جانب سے خراج تحسین ناقابل فراموش ہے، پاک فضائیہ کی کامیابی ربِ کریم کی خاص عنایت اور قومی اتحاد و یکجہتی کا نتیجہ ہے۔

ظہیر احمد بابر سدھو نے مزید کہا کہ قومی اتحاد و یکجہتی نے دشمن کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملایا، قوم کی حمایت سے مسلح افواج ہر چیلنج سے نمٹنے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے، پاک فضائیہ ملکی سرحدوں کے دفاع کے لیے ہر لمحہ تیار ہے، پاک فضائیہ ملکی سرحدوں کی حفاظت کو اپنی مقدس ذمہ داری سمجھتی ہے۔

ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے قومی اہداف کی تکمیل کے لیے ہر ممکن تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

اس سے قبل اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے بھارت کو منہ توڑ جواب دینے پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو کو خطوط لکھے تھے، جس میں انہوں نے مسلح افواج بالخصوص پاک فضائیہ کو غیرمعمولی جرات اور بہادری پر خراجِ تحسین پیش کیا تھا۔

اسپیکر قومی اسمبلی نے خط میں پارلیمان کی جانب سے مسلح افواج کے ساتھ غیر متزلزل حمایت اور یکجہتی کا اظہار کیا تھا۔

Similar Posts