’اسکوئڈ گیم 3‘ نے نیٹ فلکس پر ریکارڈ توڑ کامیابی حاصل کرلی

0 minutes, 0 seconds Read

نیٹ فلکس کی مشہور کورین سیریز ”اسکوئڈ گیم“ کے تیسرے اور ممکنہ طور پر آخری سیزن نے ریلیز کے صرف تین دنوں میں شاندار کامیابی حاصل کرتے ہوئے 6 کروڑ 10 لاکھ ویوز کا عالمی ریکارڈ قائم کر لیا ہے۔

27 جون کو ریلیز ہونے والی اس سیریز نے 72 گھنٹوں میں دنیا کے 93 ممالک میں نمبر ون پوزیشن حاصل کی، جسے نیٹ فلکس کی تاریخ کی سب سے بڑی عالمی اوپننگ قرار دیا جا رہا ہے۔

’اسکوئڈ گیم‘ کے تیسرے اور آخری سیزن کی تاریخ کا اعلان کردیا گیا

اس سیزن میں نہ صرف مقابلے مزید سخت دکھائے گئے بلکہ کہانی میں انسانی جذبات، اخلاقیات اور فیصلوں کی قیمت جیسے گہرے موضوعات کو بھی نمایاں کیا گیا۔

سیریز کے ہدایتکار ہوانگ ڈونگ ہیوک کے مطابق اس بار ناظرین کو صرف سنسنی نہیں بلکہ سوچنے کا موقع بھی ملا ہے۔ تاہم اس بار بعض مناظر میں تشدد کی شدت پر تنقید بھی سامنے آئی ہے، کچھ ناظرین نے اسے حقیقت کے قریب قرار دیا جبکہ بعض نے اسے ضرورت سے زیادہ پرتشدد سمجھا۔

’اسکوئڈ گیم‘ کے بزرگ اداکار کو جنسی زیادتی کے الزام میں جیل بھیج دیا گیا

اسکوئڈ گیم کا پہلا سیزن 2021 میں آیا تھا اور اس نے نیٹ فلکس پر سب سے زیادہ دیکھی جانے والی سیریز ہونے کا اعزاز حاصل کیا۔

دوسرا سیزن 2024 میں ریلیز ہوا اور اس نے بھی ریکارڈ کامیابی حاصل کی۔ تیسرے سیزن نے محض تین دن میں 368.4 ملین گھنٹوں کا واچ ٹائم حاصل کیا، جو ایک غیر معمولی کارنامہ ہے۔

اگرچہ نیٹ فلکس اور ہدایتکار نے چوتھے سیزن کی فوری منصوبہ بندی سے انکار کیا ہے، لیکن امکان کو مکمل طور پر رد نہیں کیا گیا۔ شائقین مستقبل میں کسی اسپن آف یا امریکی ورژن کی توقع کر رہے ہیں۔

اسکوئڈ گیم کی مسلسل کامیابی نے نہ صرف کورین انٹرٹینمنٹ کو دنیا بھر میں مقبول کیا بلکہ غیر انگریزی زبان کی سیریز کی عالمی سطح پر مقبولیت کو بھی نئی بلندیوں تک پہنچایا ہے۔

Similar Posts