میرا کی بہن موذی مرض میں مبتلا، اداکارہ کی دعاؤں کی اپیل
پاکستانی فلم اسٹار میرا کی چھوٹی بہن شائستہ عباس کینسر جیسے موذی مرض سے لڑ رہی ہیں، جس کی خبر سامنے آنے کے بعد اداکارہ اور ان کے مداحوں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے۔ میرا نے اپنی بہن کی صحت سے متعلق افسوس ناک اطلاع شیئر کرتے ہوئے مداحوں سے ان کی جلد صحت یابی کے لیے دعاؤں کی اپیل کی ہے۔
میرا کا شمار پاکستان کی معروف اداکاراؤں میں ہوتا ہے۔ انہوں نے فلمی دنیا سے اپنے کیریئر کا آغاز کیا اور اپنی اداکاری، منفرد انداز اور مختلف تنازعات کے باعث ہمیشہ خبروں میں رہی ہیں، تاہم اس وقت اداکارہ اپنی زندگی کے ایک مشکل اور تکلیف دہ دور سے گزر رہی ہیں۔
اداکارہ میرا نے سوشل میڈیا کے مختلف پلیٹ فارمز پر اپنی چھوٹی بہن شائستہ عباس کی ایک تصویر شیئر کی ہے، جس میں موذی مرض اور اس کے علاج کے دوران بال جھڑ جانے کی کیفیت صاف دیکھی جا سکتی ہے۔
شائستہ عباس ماضی میں مختصر عرصے کے لیے شوبز انڈسٹری سے وابستہ رہی ہیں اور چند پاکستانی ڈراموں میں اداکاری کے جوہر بھی دکھا چکی ہیں، تاہم بعدازاں وہ اپنی اعلیٰ تعلیم مکمل کرنے کے لیے برطانیہ منتقل ہو گئی تھیں۔
رپورٹس کے مطابق اداکارہ میرا تاحال اپنی بہن تک پہنچنے میں کامیاب نہیں ہو سکی ہیں، جو کہ اس کٹھن وقت میں ان کے لیے مزید تکلیف دہ ہے۔
اس جذباتی پوسٹ کے ذریعے میرا نے مداحوں سے اپنی بہن کی صحتیابی کے لیے دعاؤں کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اپنی زندگی کے انتہائی تکلیف دہ وقت سے گزر رہی ہیں۔

جیسے ہی اداکارہ میرا کی یہ پوسٹ سوشل میڈیا پر سامنے آئی، مداحوں اور سوشل میڈیا صارفین کی بڑی تعداد نے گہرے دکھ کا اظہار کیا۔ شوبز شخصیات اور سوشل میڈیا صارفین نے شائستہ عباس کی جلد صحت یابی، سلامتی اور مکمل تندرستی کے لیے دعائیں اور نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔