ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ عالمی عدالت نے کرشن گنگا اور راتلے پن بجلی منصوبوں پر پاکستان کے مؤقف کو تسلیم کر لیا ہے۔ عالمی عدالت نے بھارت کے یکطرفہ اقدامات کو غیرقانونی قرار دیا، جو پاکستان کے لیے ایک اہم سفارتی کامیابی ہے۔
ترجمان نے بھارت کی جدید ہتھیاروں اور میزائلوں کی مسلسل خریداری پر بھی تشویش کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ اقدامات خطے کے امن و استحکام کے لیے خطرہ بن سکتے ہیں، اور دنیا کو بھارت کی اسلحہ اندوزی پر سخت تشویش ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ شفقت علی خان نے ہفتہ وار نیوز بریفنگ میں بتایا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان روایتی عمل کے تحت یکم جنوری اور یکم جولائی کو قیدیوں کی فہرستوں کا تبادلہ ہوتا ہے۔ اس سال پاکستان نے 246 بھارتی قیدیوں کی فہرست بھارت کے حوالے کی ہے۔
ترجمان نے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں پر عالمی برادری کی توجہ مبذول کراتے ہوئے کہا کہ پاکستان حریت رہنما شبیر احمد شاہ کی طبی بنیادوں پر رہائی کا مطالبہ کرتا ہے۔
شفقت علی خان نے واضح کیا کہ پاکستان ہر قسم کے خطرے سے نمٹنے کے لیے پوری طرح تیار ہے اور ملکی سلامتی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔
انہوں نے فلسطین کے حوالے سے پاکستان کے مؤقف کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان دو ریاستی حل کی مکمل حمایت کرتا ہے اور اس میں کسی قسم کی تبدیلی نہیں آئی۔