بھارتی ریاست راجستھان کے سیکر ضلع میں کھٹوشیام مندر کے باہر دکانداروں نے پجاریوں پر لاٹھیوں سے حملہ کردیا، خواتین پر بھی تشدد کیا گیا۔
بھارتی ریایست راجستھان کے ضلع سیکر میں کھٹوشیام جی مندر کے احاطے سے 4 دکانداروں کو پولیس نے گرفتار کر لیا ہے۔ گرفتار دکانداروں پر الزام ہے کہ انہوں نے پجاریوں جن میں خواتین بھی شامل تھیں پر تشدد کیا۔
واقعہ اس وقت پیش آیا جب پجاریوں کا ایک گروپ بارش سے بچنے کے لیے مندر کے قریب واقع ایک دکان کے پاس پناہ لینے آیا تھا۔
ذرائع کے مطابق متاثرہ پجاری خاندان نے صرف بارش سے بچنے کے لیے دکان کے قریب پناہ لی تھی لیکن دکاندار نے انہیں وہاں سے جانے کو کہا۔
جب پجاریوں نے بارش رکنے تک انتظار کرنے کی درخواست کی تو دکاندار نے انہیں دھکیلنا شروع کر دیا، جس کے بعد دونوں طرف سے زبانی تکرار ہوئی۔
ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ اردگرد لوگ کھڑے تماشہ دیکھ رہے ہیں جبکہ دکاندار اور عقیدت مند بارش میں لڑائی کررہے ہیں جیسے کسی فلم کے سین کی عکسبندی ہو۔
واقعے کے بعد پولیس موقع پر پہنچ گئی اور صورتحال کو قابو میں کیا۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق کئی افراد کو معمولی چوٹیں آئیں جبکہ کچھ کو طبی امداد کے لیے قریبی اسپتال منتقل کیا گیا۔