پاکستانی دوا ساز برآمدات کو فروغ دینے کیلئے ’فارم ایکس پاکستان‘ کا قیام

0 minutes, 1 second Read

وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان نے بدھ کے روز دوا ساز مصنوعات کی برآمدات کو فروغ دینے کے حکومتی عزم کا اعادہ کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ تجارت و ترقیاتی ادارہ پاکستان (TDAP) کے تحت ایک بااختیار ”فارم ایکس پاکستان“ (PharmEx Pakistan) کے قیام کو حتمی شکل دی جا رہی ہے، جو دوا سازی کی برآمدات کو فروغ دینے کے لیے مرکزی کردار ادا کرے گا۔

وزیر تجارت کے یہ خیالات پاکستان فارماسیوٹیکل مینوفیکچرنگ ایسوسی ایشن (پی پی ایم اے) کے چیئرمین توقیر الحق کی جانب سے دی گئی پریزنٹیشن کے دوران سامنے آئے، جس میں انہوں نے دوا ساز برآمدات کے لیے سرکاری و نجی اشتراک سے تشکیل پانے والی نئی تنظیم ”فارم ایکس پاکستان“ کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔

جام کمال خان نے کہا کہ ’دوا ساز شعبے میں برآمدات کی بے پناہ صلاحیت موجود ہے، اور فارم ایکس پاکستان کے عملی طور پر شروع ہونے میں محض ایک دو مراحل باقی رہ گئے ہیں۔‘

انہوں نے اس صنعت کی تیز رفتار ترقی کو سراہا اور عالمی سطح پر برآمداتی اہداف کے حصول کے لیے حکومتی تعاون جاری رکھنے کی یقین دہانی کروائی۔

افغانستان کے ساتھ تجارت کے حوالے سے وفاقی وزیر نے کہا کہ ’ہمارے باہمی تعلقات ہر گزرتے دن کے ساتھ مستحکم ہو رہے ہیں، جس سے دوا ساز برآمدات میں نمایاں اضافہ ہوگا۔‘

پی پی ایم اے کے چیئرمین توقیر الحق نے صنعت کے اہم مسائل کے فوری حل پر وزیر تجارت کے اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی بروقت مداخلت سے دوا ساز شعبہ بڑے مالی نقصان سے بچ گیا۔

انہوں نے کہا کہ فارما ایکس پاکستان کے ذریعے دوا ساز برآمدات کو موجودہ 700 ملین امریکی ڈالر سے بڑھا کر 3 ارب ڈالر تک لے جایا جا سکتا ہے۔

صنعتی اعداد و شمار کے مطابق، دوا ساز برآمدات میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے جو مالی سال 2020-21 میں 270 ملین ڈالر سے بڑھ کر 2024-25 میں 355 ملین ڈالر تک پہنچ گئی ہیں۔

توقیر الحق نے افغانستان کو دوا ساز مصنوعات کی برآمدات میں سہولت کاری کی ضرورت پر بھی زور دیا اور وزیر تجارت کی جانب سے پالیسی میں مربوط اور توجہ مرکوز رکھنے کی یقین دہانی کو خوش آئند قرار دیا۔

فارم ایکس پاکستان کو ایک خصوصی پلیٹ فارم کے طور پر ترتیب دیا گیا ہے جو دوا ساز مصنوعات کی بین الاقوامی سطح پر مارکیٹ تک رسائی، ریگولیٹری تقاضوں کی تکمیل، اور عالمی سطح پر رسائی کو فروغ دے گا۔

وفاقی وزیر نے برآمد کنندگان کو درپیش مسائل کے حل کے لیے وزارت کی مکمل حمایت کا یقین دلایا اور وزارت تجارت میں ”ایکسپورٹر فیسلیٹیشن ڈیسک“ کے قیام کا بھی اعلان کیا، جو برآمدی صنعت کو فوری حکومتی توجہ درکار امور میں معاونت فراہم کرے گا۔

Similar Posts