ایران کے جوڈیشل کمپلیکس پر مسلح افراد کا حملہ، 6 افراد جاں بحق، 3 حملہ آور بھی مارے گئے

0 minutes, 0 seconds Read

ایران کے جنوبی مشرقی صوبے سیستان بلوچستان کے مرکزی شہر زاہدان میں واقع جوڈیشل کمپلیکس پر مسلح دہشت گردوں کے حملے میں 6 افراد جاں بحق اور 13 زخمی ہوگئے، جب کہ سیکیورٹی فورسز کی جوابی کارروائی میں 3 حملہ آور بھی مارے گئے۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق حملہ آور اچانک عدالتی کمپاؤنڈ میں داخل ہوئے اور ججز کے چیمبرز میں اندھا دھند فائرنگ کرتے رہے، جس سے عدالت میں موجود افراد میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا۔

ایرانی سیکیورٹی فورسز نے فوری کارروائی کرتے ہوئے حملہ آوروں کا مقابلہ کیا، جس کے نتیجے میں تین دہشت گرد مارے گئے۔ زخمیوں میں بعض کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے جنہیں قریبی اسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا ہے۔

ایرانی میڈیا کے مطابق دہشتگرد تنظیم ”جیش العدل“ نے اس خونریز حملے کی ذمہ داری قبول کر لی ہے۔ یہ تنظیم ایران میں ماضی میں بھی سیکیورٹی اہلکاروں اور سرکاری تنصیبات کو نشانہ بناتی رہی ہے۔

واقعے کے بعد زاہدان میں سیکیورٹی ہائی الرٹ کر دی گئی ہے اور جوڈیشل کمپلیکس کے اطراف میں سخت نگرانی جاری ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ مزید ممکنہ حملوں کے خطرے کے پیش نظر سیکیورٹی فورسز مکمل الرٹ ہیں۔

Similar Posts