امریکی ریاست ٹیکساس کے ایک چھوٹے قصبے کے قریب خطرناک مواد لے جانے والی ٹرین کی 35 بوگیاں پٹڑی سے اتر گئیں۔ ٹرین کی مالک یونین پسیفک کمپنی کی ترجمان روبن ٹائسور کے مطابق حادثہ منگل کی دوپہر پیش آیا تاہم خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا اور نہ ہی کسی علاقے کو خالی کرایا گیا۔
ٹی وی فوٹیج میں دیکھا گیا کہ پٹڑی کے قریب دیہی علاقے میں کئی بوگیاں ایک دوسرے کے اوپر پڑی ہیں جبکہ قریب ہی گھاس میں آگ لگی ہوئی ہے اور دھواں اٹھ رہا ہے۔
ایمرجنسی سروسز ڈسٹرکٹ کے مطابق اس واقعے کو ممکنہ طور پر خطرناک مواد سے متعلق خطرے کے طور پر دیکھا جا رہا ہے، تاہم یہ فوری طور پر واضح نہیں ہو سکا کہ ڈبوں میں کیا سامان موجود تھا۔

حادثہ امریکی وقت کے مطابق دوپہر دو بجے قصبہ گورڈن کے مشرق میں پیش آیا، جو فورٹ ورتھ سے تقریباً 105 کلومیٹر جنوب مغرب میں واقع ہے۔ حکام کے مطابق کسی بھی ڈبے سے مواد کا اخراج نہیں ہوا۔
ایمرجنسی سروسز ڈسٹرکٹ کے بیان میں کہا گیا کہ تمام عملے کو محفوظ قرار دے دیا گیا ہے اور کسی کے زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ملی۔ صورتحال فی الحال مستحکم ہے تاہم مکمل طور پر قابو نہیں پایا جا سکا۔

حکام کے مطابق حادثے کے بعد چھوٹے پیمانے پر گھاس میں آگ بھڑکنے کی اطلاعات ملی ہیں، جسے فائر بریگیڈ کے اہلکار بجھانے میں مصروف ہیں۔
ترجمان کے مطابق یونین پسیفک کی امدادی ٹیمیں جائے حادثہ کی جانب روانہ ہو چکی ہیں جبکہ پالونٹو فائر ڈیپارٹمنٹ آگ پر قابو پانے کے لیے کام کر رہا ہے۔