سیلاب متاثرین کو امدادی رقوم کی ادائیگی کیسے ہوگی؟ خیبرپختونخوا حکومت نے بتادیا

0 minutes, 0 seconds Read

خیبرپختونخوا کے ضلع بونیر، سوات اور باجوڑ میں کلاؤڈ برسٹ، طوفانی بارشوں اور سیلاب سے ہونے والے نقصانات کا ازالہ کرنے کے لیے صوبائی حکومت نے ڈیجیٹل ڈیزاسٹر کمپنسیشن مینجمنٹ“ کے نام سے ایپ متعارف کرادی ہے۔

وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے ’ڈیجیٹل ڈیزاسٹر کمپنسیشن مینجمنٹ‘ ایپ کا باضابطہ افتتاح کیا ہے۔ ایپ کو خیبرپختونخوا آئی ٹی بورڈ نے ہنگامی طور پر تیار کیا ہے اور اس سسٹم کو صوبائی حکومت کے مرکزی سروس ڈیلیوری ایپ دستک کے ساتھ منسلک کردیا گیا ہے۔

اس ایپ کے ذریعے سیلاب متاثرین اپنی املاک کے نقصانات کی تفصیلات اپ لوڈ کر کے معاوضے کا کلیم کر سکیں گے جبکہ ادائیگیاں براہ راست آن لائن متاثرین کے اکاؤنٹس میں منتقل ہوں گی۔

بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ ایپ مکمل طور پر شفاف اور خودکار میکنزم پر مشتمل ہے۔ جیو ٹیگنگ اور خودکار ویری فکیشن کی بدولت غلط معلومات یا جعلی کلیمز کی گنجائش نہیں ہوگی۔ اس کے علاوہ وزیراعلی، چیف سیکرٹری اور متعلقہ حکام کے لیے ڈیش بورڈ پر نقصانات اور معاوضوں کی ادائیگی کی مکمل تفصیلات دستیاب ہوں گی۔

ایپ کے متعلق اجلاس وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور کی صدارت میں ہوا۔ وزیراعلیٰ نے نے کہا کہ سیلاب زدگان کو معاوضوں کی براہ راست ادائیگی کے لیے ڈیجیٹل پیمنٹ سسٹم کا اجراء ایک اہم اقدام ہے، مختصر وقت میں یہ ایپ تیار کرنے پر متعلقہ حکام کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں، متاثرین معاوضوں کی بروقت ادائیگی ممکن ہوگی بلکہ اس پورے عمل میں شفافیت بھی یقینی ہوگی، متاثرین کو بروقت ریلیف اور سہولیات کی فراہمی صوبائی حکومت کی پہلی ترجیح ہے۔

خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع میں 15 اگست سے ہونے والی بارشوں کے ساتویں اسپیل نے ہرطرف تباہی مچارکھی ہے۔ بادل پھٹنے اور سیلاب کے باعث اموات کی تعداد 325 ہوگئی جبکہ 156 افراد زخمی ہیں۔ حالیہ بارشوں اور سیلاب سے صرف بونیر میں 217 افراد جان سے گئے۔

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کی ہدایت پر متاثرہ اضلاع کے لیے ہنگامی بنیادوں پر امدادی فنڈز جاری کر دیے گئے ہیں۔ سب سے زیادہ متاثرہ اضلاع کی بحالی اور امدادی سرگرمیوں کے لیے مجموعی طور پر 50 کروڑ روپے جاری کیے گئے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق بونیر کو 15 کروڑ روپے جبکہ باجوڑ، بٹگرام اور مانسہرہ کو 10، 10 کروڑ روپے دیے گئے ہیں، اسی طرح سوات کے لیے 5 کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں تاکہ متاثرہ خاندانوں کو فوری ریلیف فراہم کیا جا سکے۔

Similar Posts