ایشیا کپ کے لیے بھارتی اسکواڈ کا اعلان، بڑے ناموں کی واپسی

0 minutes, 0 seconds Read

ایشیا کپ 2025 کے لیے بھارتی اسکواڈ کا اعلان کردیا گیا ہے، سوریا کمار یادو بھارتی ٹیم کی کمان سنبھالیں گے جبکہ شبمن گل کی بطور نائب کپتان ٹیم میں واپسی ہوئی ہے۔

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے مطابق دفاعی چیمپئن بھارت نے رواں برس ستمر میں متحدہ عرب امارات (یواے ای) میں شیڈول میں ٹی 20 ایشیا کپ کے لیے 15 رکنی اسکواڈ کا اعلان کر دیا ہے۔

سوریا کمار یادو آئندہ ماہ ایشیا کپ میں بھارت کی قیادت کریں گے جہاں ٹیم نویں مرتبہ ٹائٹل جیتنے کے عزم کے ساتھ میدان میں اترے گی۔

گزشتہ سال آئی سی سی مینز ٹی 20 ورلڈ کپ جیتنے والی ٹیم کے مقابلے میں اس مرتبہ اسکواڈ میں کئی اہم تبدیلیاں کی گئی ہیں جبکہ کچھ بڑے ناموں کی واپسی سے ٹیم مزید مضبوط ہوگئی ہے۔

تیز گیند باز جسپریت بمراہ 2024 کے ٹی 20 ورلڈ کپ کے بعد پہلی بار بھارت کی وائٹ بال کرکٹ میں واپس آ رہے ہیں۔ وہ گزشتہ سال ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے فائنل کے بعد صرف ٹیسٹ کرکٹ میں نظر آئے، انہیں محدود اوورز کی سیریز سے آرام دیا گیا تھا اور انجری کے باعث آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی سے بھی باہر رہے۔

بھارت کا اسکواڈ

بھارتی ٹی میں سوریا کمار یادو (کپتان)، شبمن گل، ابھیشیک شرما، تلک ورما، ہاردک پانڈیا، شیوم دوبے، جیتیش شرما، اکشر پٹیل، جسپریت بمراہ، ورون چکرورتی، ارشدیپ سنگھ، کلدیپ یادو، سنجو سیمسن، ہرشت رانا اور رنکو سنگھ شامل ہیں۔

ریزرو کھلاڑی

ریزرو کھلاڑیوں میں پرسیدھ کرشنا، واشنگٹن سندر، ریان پراگ، دھروو جریال اور یشسوی جیسوال شامل ہیں۔

سلیکٹرز نے بیٹنگ لائن میں نوجوان کھلاڑیوں ابھیشیک شرما، تلک ورما اور رنکو سنگھ پر اعتماد ظاہر کیا ہے، جنہوں نے گزشتہ ایک سال کے دوران شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے اپنی جگہ بنائی۔

ان کے ساتھ سوریا کمار یادو کا تجربہ ٹیم کو سہارا دے گا جبکہ شبمن گل بھی ٹیم میں واپس آئے ہیں جو ایک سال سے زائد عرصے بعد بھارت کی ٹی ٹوئنٹی ٹیم کا حصہ بنے ہیں، وہ آخری بار سری لنکا کے خلاف سیریز میں نظر آئے تھے۔

سنجو سیمسن کو بھارتی وکٹ کیپر بلے باز کے طور پر ٹیم میں شامل کیا گیا ہے جبکہ جیتیش شرما بیک اپ وکٹ کیپر کے طور پر دستیاب ہوں گے۔ دونوں کھلاڑی ایک سال سے زائد عرصے بعد دوبارہ ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ کا حصہ بنے ہیں۔

ہاردک پانڈیا اور اکشر پٹیل بھارت کے آل راؤنڈرز کے طور پر اپنی ذمہ داریاں جاری رکھیں گے۔ یہ دونوں کھلاڑی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ اور چیمپئنز ٹرافی میں بھارت کی کامیابیوں میں اہم کردار ادا کر چکے ہیں۔

بولنگ یونٹ کی قیادت جسپریت بمراہ کریں گے، جن کے ساتھ 2024 کے آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی کرکٹر آف دی ایئر ارشدیپ سنگھ اور ہرشت رانا بھی شامل ہیں۔

بھارت کے اسپن ڈیپارٹمنٹ کی قیادت ورون چکرورتی کریں گے، جنہوں نے یو اے ای میں کھیلی گئی چیمپئنز ٹرافی میں شاندار کارکردگی دکھائی تھی۔ ان کا ساتھ کلدیپ یادو دیں گے، جو 2024 ورلڈ کپ کے فائنل کے بعد پہلی بار ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں واپسی کر رہے ہیں۔

ایشیا کپ کا آغاز 9 ستمبر سے ہوگا جبکہ بھارت اپنی مہم 10 ستمبر کو یو اے ای کے خلاف دبئی میں شروع کرے گا۔

ایشیا کپ میں بھارت کے گروپ میچز

  • 10 ستمبر: یو اے ای بمقابلہ بھارت، دبئی

  • 14 ستمبر: بھارت بمقابلہ پاکستان، دبئی

  • 19 ستمبر: بھارت بمقابلہ عمان، دبئی

سپر فور مرحلہ

ایشیا کپ کے سپر فور مرحلے کے میچز 20 سے 26 ستمبر تک ابوظہبی اور دبئی میں کھیلے جائیں گے۔

فائنل

ایشیا کپ 2025 کا فائنل 28 ستمبر کو دبئی میں کھیلا جائے گا۔

Similar Posts