برٹش ایئرویز طیارے کے مسافروں کو عجیب صورتحال کا سامنا کرنا پڑا، جب طیارے کے کپتان نے 20 مسافروں کو ٹیک آف سے چند منٹ قبل طیارے سے اتار دیا۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق برٹش ایئرویز کی پرواز سے مسافروں کو شدید گرمی کی وجہ اتار دیا گیا کیونکہ شدید گرمی کی وجہ پائلٹ کو جہاز ٹیک آف کرنے میں مشکلات کا سامنا اور اضافی ایندھن کی ضرورت تھی۔
ایئرلائن حکام کے مطابق فلورنس میں درجہ حرارت 35 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا تھا، جس کے باعث ہوا کی کثافت کم ہوگئی۔ اس صورتحال میں جہاز کو اُڑان بھرنے کے لیے اضافی ایندھن درکار تھا، جس سے طیارے کا وزن بڑھ گیا۔
چونکہ فلورنس ایئرپورٹ کی رن وے نسبتاً چھوٹی ہے، اس لیے حفاظتی طور پر وزن کم کرنا ضروری سمجھا گیا۔ ابتدائی طور پر بتایا گیا کہ 36 مسافروں کو اتارنے کی ضرورت ہے، تاہم آخرکار تقریباً 20 مسافروں کو ہی اُتارا گیا۔
ایک خاتون مسافر نے برطانوی اخبار کو بتایا کہ ”پائلٹ نے وضاحت کی کہ شدید گرمی اور ایندھن کے اضافی بوجھ کی وجہ سے کچھ مسافروں کو طیارے سے اُترنا پڑے گا۔“
برٹش ایئرویز کے ترجمان نے اس واقعے پر معذرت کرتے ہوئے کہا کہ ”فلورنس کے ایئرپورٹ کی مختصر رن وے اور غیر معمولی گرمی کے باعث طیارے کے وزن کو کم کرنا ناگزیر تھا۔“
ترجمان نے مزید کہا کہ متاثرہ مسافروں کو جلد از جلد ان کی منزل تک پہنچانے کے لیے متبادل انتظامات کیے گئے۔