‘میدان نہیں چھوڑا، وزیراعظم کا انتظار ہے’: حافظ نعیم کا ناقدین کو جواب

امیر جماعتِ اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی نے میدان نہیں چھوڑا بلکہ عوام کی ترجمانی کررہی ہے، حکومت کو اپنے اخراجات کم کرکے عوام کو ریلیف دینا چاہیے۔

لاہور میں گفتگو کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ مختلف لوگوں نے طرح طرح کی باتیں کیں کہ جماعت اسلامی نے میدان چھوڑ دیا ہے، تاہم ایسا نہیں ہے، جماعت اسلامی بدستور عوام کی ترجمانی کررہی ہے۔

حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا کہ جماعت اسلامی کے تمام مطالبات سادہ اور واضح ہیں، وزیراعظم کے پاکستان واپس آنے کا انتظار کررہے ہیں۔ حکومت کو چاہیے کہ اپنے اخراجات کم کرے اور عوام پر مزید بوجھ ڈالنے کے بجائے انہیں ریلیف دینے کے لیے عملی اقدامات کرے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت ہر معاملے کا بوجھ عوام پر ڈال دیتی ہے، پالیسی ایسی ہونی چاہیے جس سے عام آدمی کو ریلیف مل سکے۔

ان کا کہنا تھا کہ ملک میں تقریباً ڈھائی کروڑ موٹرسائیکلیں ہیں، اس لیے عوام کو درپیش مسائل کو سامنے رکھتے ہوئے پالیسی بنائی جانی چاہیے۔

امیر جماعت اسلامی نے سیاسی معاملات پر بات کرتے ہوئے کہا کہ سیاسی طور پر ارکان قومی اسمبلی کو نوازا جاتا ہے، اگر یہ سیاسی رشوت نہیں تو اور کیا ہے؟

حافظ نعیم الرحمان نے پالیسی ریٹ میں کمی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ پالیسی ریٹ کو نیچے آنا چاہیے تاکہ معیشت کو سہارا ملے اور کاروباری سرگرمیوں میں بہتری آسکے۔

انہوں نے مریم نواز کی جانب سے 11 ارب روپے کا جہاز لینے کا بھی حوالہ دیا اور کہا کہ حکومت کو اپنے اخراجات کم کرنے چاہئیں، جبکہ عوام کو ریلیف دینے کے لیے حکومتی سطح پر اقدامات ضروری ہیں۔

خیال رہے کہ جماعت اسلامی نے 22 ستمبر کو وزیراعظم شہباز شریف کی درخواست اور عوام کو ریلیف کی یقین دہانی پر لانگ مارچ اکتوبر کے پہلے ہفتے تک مؤخر کرنے کا اعلان کیا تھا۔ امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم سے ملاقات تک حکومت کو موقع دیا جائے گا، مناسب ریلیف نہ ملا تو لانگ مارچ ملتان سے دوبارہ شروع ہوگا۔

Related posts