حماس تمام 20 یرغمالیوں کو ایک ساتھ رہا کرے، ورنہ آپ کا کھیل ختم، ٹرمپ کی دھمکی

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے فلسطینی تنظیم حماس سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ غزہ میں موجود تمام 20 زندہ اسرائیلی یرغمالیوں کو فوری طور پر ایک ساتھ رہا کرے، ورنہ صورتحال ”تیزی سے بدل“ سکتی ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹروتھ سوشل پر جاری ایک پیغام میں ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ’میں اسرائیل کو ہر وہ چیز مہیا کرنے جا رہا ہوں جو اس کام (حماس کو شکست) کو ختم کرنے کے لیے ضروری ہے، اگر جیسا میں کہہ رہا ہوں ویسا نہ ہوا تو حماس کا ایک بھی رکن نہیں بچے گا۔‘

عالمی میڈیا رپورٹس کے مطابق ٹرمپ نے حماس کی جانب سے بتدریج یرغمالیوں کی رہائی پر اعتراض کرتے ہوئے زور دیا کہ تمام قیدیوں کو ایک ساتھ آزاد کیا جائے۔

انہوں نے یہ واضح نہیں کیا کہ اگر حماس ان کا مطالبہ مانتی ہے تو ”یہ ہمیشہ کے لیے ختم ہو جائے گا“ جیسے بیان سے ان کی مراد کیا ہے۔

یاد رہے کہ 7 اکتوبر 2023 کو حماس نے اسرائیل پر حملہ کرتے ہوئے تقریباً 250 افراد کو یرغمال بنایا تھا جنہیں بعد ازاں غزہ منتقل کیا گیا۔ اسرائیلی حکام کے مطابق اس وقت غزہ میں 50 اسرائیلی یرغمالی موجود ہیں، جن میں سے صرف 20 زندہ ہیں جبکہ باقی افراد کی لاشیں بازیاب ہوئی ہیں۔

ادھر انسانی حقوق کی تنظیموں نے دعویٰ کیا ہے کہ اسرائیل کی جیلوں میں 10,800 سے زائد فلسطینی قیدی موجود ہیں، جنہیں تشدد، بھوک اور طبی سہولیات کی عدم فراہمی جیسے مسائل کا سامنا ہے۔

واضح رہے کہ مارچ 2024 میں ہونے والی عارضی جنگ بندی کے بعد فریقین کے درمیان کوئی ٹھوس پیش رفت نہیں ہو سکی، اور عالمی ثالثی کی تمام کوششیں تاحال ناکام رہی ہیں۔

Similar Posts