نائیجیریا کی شمالی وسطی ریاست ’نائیجر‘ میں ایک کشتی حادثے کے نتیجے میں کم از کم 60 افراد ہلاک ہو گئے جبکہ درجنوں کو زندہ نکال لیا گیا جبکہ متعدد افراد لاپتہ ہیں۔
برطانوی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق کشتی ضلع ’ملالے‘ کے گاؤں سے ایک تعزیتی تقریب میں شرکت کے لیے جا رہے تھے۔ راستے میں ضلع بورگو کے قریب کشتی دریا میں موجود درخت کے تنے سے ٹکرا گئی اور الٹ گئی۔ مقامی حکام کے مطابق یہ حادثہ منگل کی صبح پیش آیا تھا۔
نائیجیریا میں مسافر کشتی ڈوبنے سے کئی افراد لاپتہ ہوگئے
مقامی انتظامیہ کے سربراہ عبداللہ بابا آرا نے بتایا کہ جاں بحق افراد کی تعداد مسلسل بڑھ رہی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ ’اب تک ہلاکتوں کی تعداد 60 ہو چکی ہے، 10 افراد شدید زخمی ہیں جبکہ متعدد ابھی تک لاپتا ہیں۔‘
کشتی میں 100 سے زیادہ افراد سوار تھے، جن میں سے 31 لاشیں دریا سے نکالی گئیں اور کشتی کو بھی باہر نکال لیا گیا۔ زیادہ تر ہلاک ہونے والوں میں خواتین اور بچے شامل ہیں۔
نائیجیریا میں ڈاکوؤں کا مسجد پر حملہ، 50 افراد جاں بحق
ریاستی ایمرجنسی مینجمنٹ ایجنسی نے تصدیق کی ہے کہ اب تک 29 ہلاکتیں ہو چکی ہیں، 50 افراد کو بچا لیا گیا جبکہ دو افراد لاپتا ہیں۔ ایجنسی کے مطابق کشتی میں ضرورت سے زیادہ مسافر سوار تھے اور وہ درخت کے تنے سے ٹکرا کر الٹ گئی۔
واضح رہے کہ نائیجیریا میں کشتیوں کے حادثات عام ہیں، خصوصاً برسات کے موسم میں۔ اس کی بنیادی وجوہات حفاظتی اصولوں پر عمل درآمد میں غفلت، کشتیوں پر گنجائش سے زیادہ بوجھ ڈالنا اور کشتیوں کی خستہ حالت ہیں۔