ملکی تاریخ میں پہلی بار سونا 4 لاکھ روپے فی تولہ سے تجاوز کر گیا، ایک ماہ میں 31 ہزار روپے مہنگا

پاکستان میں سونے کی قیمتوں میں پیر کے روز ایک بار پھر زبردست اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جس کے بعد فی تولہ سونا 4 لاکھ روپے کی حد پار کرگیا۔

آل پاکستان جمز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق مقامی مارکیٹ میں فی تولہ سونا 5 ہزار 900 روپے مہنگا ہو کر 4 لاکھ 3 ہزار 600 روپے کی نئی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا۔

اسی طرح 10 گرام سونا بھی 5 ہزار 58 روپے اضافے کے بعد 3 لاکھ 46 ہزار 21 روپے کی ریکارڈ سطح پر فروخت ہوا۔

گزشتہ روز ہفتہ کو فی تولہ سونا 1 ہزار 900 روپے اضافے کے ساتھ 3 لاکھ 97 ہزار 700 روپے تک پہنچا تھا، تاہم پیر کو یہ قیمت مزید بڑھ گئی۔


AAJ News Whatsapp

بین الاقوامی منڈی میں بھی سونے کے نرخوں میں اضافہ دیکھا گیا۔ عالمی مارکیٹ میں سونا 59 ڈالر بڑھ کر 3 ہزار 818 ڈالر فی اونس پر جا پہنچا، جس پر 20 ڈالر پریمیم بھی شامل ہے۔

اعداد و شمار کے مطابق 30 اگست سے اب تک 10 گرام سونا مجموعی طور پر 31 ہزار 35 روپے مہنگا ہوا ہے، جبکہ صرف ایک ماہ کے دوران فی تولہ سونے کی قیمت میں 36 ہزار 200 روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

ادھر چاندی کی قیمت میں بھی اضافہ ہوا، جو 88 روپے بڑھ کر فی تولہ 4 ہزار 792 روپے تک پہنچ گئی۔

Similar Posts