تہران کے ساتھ معاہدے کے بعد امریکا سے سیکڑوں ایرانی ملک بدر

0 minutes, 0 seconds Read

امریکا میں صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی سخت پالیسیوں کے تحت تقریباً 400 ایرانی شہریوں کو ملک بدر کیا جا رہا ہے۔ ان میں سے پہلا گروپ، جس میں لگ بھگ 120 افراد شامل ہیں، قطر کے راستے تہران پہنچنے والا ہے۔

امریکی حکام کے مطابق ان میں وہ افراد بھی ہیں جنہیں مختلف جرائم میں سزا ہو چکی تھی اور وہ بھی جو غیرقانونی طور پر امریکا میں داخل ہوئے تھے۔ زیادہ تر افراد میکسیکو کے راستے امریکا پہنچے تھے۔

برطانوی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق ایرانی جوہری پروگرام پر کشیدگی کے باوجود یہ اقدام دونوں ممالک کے درمیان ایک غیر معمولی ہم آہنگی کی مثال سمجھا جا رہا ہے۔ تاہم ایرانی حکام نے واضح کیا ہے کہ یہ معاملہ خالصتاً قونصلر نوعیت کا ہے سیاسی نہیں۔

ایرانی وزارتِ خارجہ کے اہلکار حسین نوشآبادی نے کہا کہ امریکا کو ایرانی تارکینِ وطن کے بنیادی حقوق کا احترام کرنا چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ ’زیادہ تر افراد غیرقانونی طور پر داخل ہوئے تھے، لیکن کچھ ایسے بھی ہیں جن کے پاس رہائشی اجازت نامہ تھا، اس کے باوجود وہ فہرست میں شامل کر دیے گئے۔‘


AAJ News Whatsapp

اقوامِ متحدہ کا مؤقف

اقوامِ متحدہ کے پناہ گزینوں کے ادارے (UNHCR) نے بتایا کہ اس معاملے پر ان سے کوئی مشاورت نہیں کی گئی۔ ادارے نے اصولی طور پر یاد دہانی کرائی کہ کسی بھی ریاست کو ایسے افراد کو واپس نہیں بھیجنا چاہیے جنہیں اپنے وطن میں جان و مال کا خطرہ ہو۔

پانامہ کے ساتھ معاہدہ

امریکی حکومت نے غیر قانونی تارکینِ وطن کو واپس بھیجنے کے لیے بعض ممالک کے ساتھ خصوصی معاہدے بھی کیے ہیں۔ انہی اقدامات کے تحت رواں سال فروری میں پانامہ کے ساتھ ایک سمجھوتہ ہوا، جس کے بعد مختلف ملکوں کے افراد کو وہاں بھیجا گیا۔ ان میں ایرانی شہری بھی شامل تھے۔ یہ معاہدہ دراصل امریکا کی اس پالیسی کا حصہ ہے جس کے تحت وہ غیر قانونی رہائشیوں کو براہِ راست اپنے ملک بھیجنے کے بجائے بعض اوقات تیسرے ملک منتقل کرتا ہے۔

ٹرمپ کی پالیسی اور مستقبل کا منظرنامہ

صدر ٹرمپ پہلے ہی عندیہ دے چکے ہیں کہ وہ امریکا میں موجود غیر قانونی تارکینِ وطن کو ریکارڈ سطح پر واپس بھیجیں گے۔ تاہم اب تک ان کی انتظامیہ ان اعداد و شمار کو بڑھانے میں مشکلات کا شکار رہی ہے۔ اس کے باوجود حالیہ اقدامات ظاہر کرتے ہیں کہ واشنگٹن اپنے وعدوں کو عملی شکل دینے کی کوشش میں ہے۔

Similar Posts